اسرائیل: آئزن کوٹ کی لیکوڈ سے اتحادی حکومت کے لیے بات چیت، وزارت عظمیٰ پر اختلاف برقرار

israel pm d

تل ابیب: اسرائیل میں اکتوبر کے انتخابات کے بعد نئی حکومت کی تشکیل مشکل مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، کیونکہ نہ نیتن یاہو کے بلاک کو واضح اکثریت ملی اور نہ ہی اپوزیشن اتحاد کو۔ سابق فوجی سربراہ گادی آئزن کوٹ کی قیادت والی یاشار پارٹی کے اتحاد کو حکومت بنانے کی ذمہ داری دی گئی ہے اور انہیں اس کے لیے اگلے ماہ تک مہلت حاصل ہے۔

عرب جماعتوں کے دونوں اتحاد، جن کے پاس 19 نشستیں ہیں، آئزن کوٹ کو باہر سے حمایت دینے کو تیار ہیں، مگر اس صورت میں شدت پسند صہیونی جماعتیں اپنی حمایت واپس لے لیں گی اور وہ اکثریت ثابت نہیں کر سکیں گے۔ اسی لیے یاشار پارٹی نے لیکوڈ کے ساتھ، جس کے خلاف اس نے الیکشن لڑا، قومی اتحادی حکومت کے لیے مذاکرات شروع کیے ہیں، جس میں عرب جماعتوں کے علاوہ باقی تمام پارٹیاں شامل ہوں گی۔ ناقدین اسے نیتن یاہو کی "چور دروازے” سے واپسی قرار دے رہے ہیں۔

اتوار 22 نومبر کو دونوں جماعتوں کی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان بات چیت کا تازہ دور ہوا، مگر وزارت عظمیٰ، انتہائی دائیں بازو کی شمولیت اور بنیادی پالیسیوں پر اختلاف برقرار ہے۔ آئزن کوٹ کا کہنا ہے کہ وہ نیتن یاہو کی قیادت میں حکومت میں شامل نہیں ہوں گے، لیکن لیکوڈ شامل ہو سکتی ہے بشرطیکہ سربراہی ان کے پاس ہو۔

لیکوڈ کی شرائط میں نیتن یاہو کا پوری چار سالہ میعاد کے لیے وزیر اعظم رہنا، عرب جماعتوں کے علاوہ سب کی شمولیت، ایران کے خلاف ایک اور جنگ کی حمایت، عدالتی اصلاحات برقرار رکھنا اور 7 اکتوبر کے حملے کی تحقیقات سرکاری کمیشن سے نہ کرانا شامل ہیں۔ رپورٹس کے مطابق لیکوڈ زیادہ سے زیادہ دو دو سال کی باری پر راضی ہو سکتی ہے۔

سابق وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے آئزن کوٹ کی قیادت میں قومی اتحادی حکومت کی حمایت کی ہے مگر کہا ہے کہ ان کی پارٹی نیتن یاہو یا ان کے بلاک کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔ آئزن کوٹ کے اپنے کیمپ میں بھی اس پر اتفاق نہیں کہ لیکوڈ کو شامل کیا جائے یا اس کے بغیر متبادل اتحاد بنایا جائے۔

آئزن کوٹ نے جمعہ کو عہد کیا تھا کہ مذاکرات غیر ضروری طور پر طویل نہیں کریں گے، اور وسیع البنیاد حکومت کی کوششیں ناکام ہوئیں تو وہ اقلیتی قومی ہنگامی حکومت کی تجویز ووٹنگ کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کو تیار ہیں۔ ان کے اتحاد کے پاس 48 نشستیں ہیں۔ اگر یہ راستہ بھی ناکام ہوا تو صدر اسحاق ہرزوگ کے پاس نیتن یاہو کو حکومت سازی کی دعوت دینے کے سوا کوئی متبادل نہیں بچے گا۔

متعلقہ پوسٹ