مغربی کنارہ: فلسطینی وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں کے تشدد کی سرپرستی ختم کرائے اور اس کے خلاف ٹھوس روک تھام کے اقدامات کرے۔
وزارت کے مطابق اتوار کی صبح اسرائیلی آباد کاروں نے کئی فلسطینی دیہات پر حملہ کیا، 12 گاڑیوں کو آگ لگا دی اور فلسطینی گھروں کی دیواروں پر نسل پرستانہ نعرے لکھ دیے۔ وزارت نے اسے مقبوضہ علاقوں میں "منظم آباد کار دہشت گردی” میں اضافے کا حصہ قرار دیا اور اسرائیلی حکومت کو ان حملوں کا مکمل اور براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا۔ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی پالیسی کا رخ درست کرنے اور مجرموں کو جوابدہی سے بچانے کا رویہ ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
وزارت نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ آباد کار تشدد روکنے کے لیے عملی اقدامات کریں، فلسطینیوں کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کریں اور حملہ آوروں، انہیں اکسانے اور تحفظ دینے والوں کو جوابدہ بنائیں۔ اس نے آباد کاروں، ان کی سرپرستی اور مالی معاونت کرنے والی تنظیموں اور آباد کاری سے منسلک کمپنیوں پر پابندیاں لگانے کا بھی مطالبہ کیا۔ وزارت نے مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بنا کر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ بھی دہرایا۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے حملوں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ کوئی گرفتاری عمل میں آئی یا نہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق مشرقی یروشلم سمیت مقبوضہ مغربی کنارے میں 156 بستیوں اور 360 چوکیوں میں تقریباً ساڑھے سات لاکھ اسرائیلی آباد کار رہتے ہیں۔ فلسطینی نوآبادیات و دیوار مزاحمتی کمیشن کے مطابق اکتوبر میں اسرائیلی فوج اور آباد کاروں نے 3,133 حملے کیے، جن میں 1,764 فوج اور 1,369 آباد کاروں سے منسوب ہیں۔ اکتوبر 2023 میں غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے مغربی کنارے میں حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

