صومالیہ کا یو اے ای پر غزہ میں "براہ راست یا بالواسطہ” کردار کا الزام، سفیر کو 72 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم

somali prime

موغادیشو: صومالیہ کے وزیر اعظم حمزہ عبدی بارے نے الزام لگایا ہے کہ متحدہ عرب امارات غزہ میں ہونے والے قتل عام میں براہ راست یا بالواسطہ شریک رہا ہے۔

جمعرات 19 نومبر کو وزراء کی کونسل کے اجلاس کے بعد، جس کی صدارت انہوں نے خود کی، حکومت نے اماراتی سفیر کو 72 گھنٹے کے اندر صومالیہ چھوڑنے کی مہلت دی اور ابوظبی سے اپنے سفیر کو بھی واپس بلا لیا۔

چند روز قبل صدر حسن شیخ محمود نے بھی امارات پر خودمختاری کی خلاف ورزی کا الزام لگایا تھا۔ ان کے مطابق امارات نے اجازت کے بغیر فوجی تنصیبات چلائیں، وفاقی کنٹرول سے باہر مسلح گروہوں کی حمایت کی اور مرکزی حکومت کی منظوری کے بغیر بندرگاہوں کے معاہدے کرنے کی کوشش کی۔ موغادیشو کا موقف ہے کہ کوئی غیر ملکی ملک وفاقی حکومت کی اجازت کے بغیر صومالی سرزمین پر فوجی یا سیکیورٹی سرگرمیاں نہیں کر سکتا۔

اماراتی صدر کے سفارتی مشیر انور قرقاش نے مداخلت کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صومالیہ کا موقف قومی مفاد کے بجائے بدلتی ہوئی داخلی سیاست سے متاثر ہے۔ ابوظبی نے وزیر اعظم کے غزہ سے متعلق بیان پر تاحال باضابطہ ردعمل نہیں دیا۔

مبصرین کے مطابق اس تنازع کے اثرات خلیج اور مشرقی افریقہ کی سیاست تک پہنچ سکتے ہیں، جبکہ سفارتی حلقوں کو خدشہ ہے کہ کشیدگی بڑھی تو تجارت، سیکیورٹی اور انسانی امداد میں تعاون متاثر ہو سکتا ہے۔ صومالیہ کا کہنا ہے کہ وہ باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتا ہے مگر خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

متعلقہ پوسٹ