کراکو (ایجنسی): پولینڈ کے شہر کراکو کے مرکزی علاقے میں گزشتہ ہفتے فائرنگ کرکے ۶؍ افراد کو ہلاک اور ۱۰؍ سے زائد کو زخمی کرنے والا حملہ آور پیر کی صبح اسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اس کی تصدیق کی۔
۲۴؍ سالہ پولش شہری کو سنیچر کو کراکو کے تاریخی مرکزی چوک میں لوگوں پر فائرنگ کے چند منٹ بعد پولیس اہلکاروں نے گولی مار کر گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اپنی کار سے لوگوں پر فائرنگ کی۔ یہ چوک ملک کے دوسرے بڑے شہر کراکو کا اہم سیاحتی مرکز ہے، جہاں ہلاک و زخمی ہونے والوں میں کئی غیر ملکی بھی شامل ہیں۔
تفتیش کاروں کو ملزم کے آبائی گھر سے اس کی بہن، والدہ اور والد کی لاشیں بھی ملی ہیں۔ یہ گھر کراکو سے تقریباً ۲۰۰؍ کلومیٹر شمال مشرق میں شہر اوسٹروویک شفیئنتو کشیسکی میں ہے۔ حکام کے مطابق ان تینوں کی موت غالباً گولی لگنے سے ہوئی۔
استغاثہ نے اتوار کو واقعے کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دے کر تحقیقات شروع کر دیں، جبکہ وزیر داخلہ نے بتایا کہ ملزم انتہائی دائیں بازو کے نظریات سے متاثر تھا۔ وزارت داخلہ و انتظامیہ کے ترجمان نے پولش میڈیا کو بتایا کہ حملے کے وقت ملزم مکمل فوجی وردی میں تھا اور اس کے لباس پر مختلف علامات بنی تھیں، جن کا تفتیش کاروں نے جزوی طور پر جائزہ لے کر تشریح کی ہے۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ۴؍ خواتین اور ۲؍ مرد ہیں۔ ان میں تین خواتین اور ایک مرد پولینڈ کے شہری تھے، جبکہ برطانیہ کا ایک مرد اور آسٹریا کی ایک خاتون بھی شامل ہے۔ زخمیوں میں پانچ غیر ملکی بھی ہیں، جن کا تعلق برطانیہ، پرتگال، روس، جرمنی اور آسٹریا سے ہے۔
حملہ آور کو روکنے والے دونوں پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے اور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ حکام نے ان کی کارروائی کو بہادری قرار دیا ہے۔ اتوار کی دوپہر تک دونوں اہلکار ہوش میں تھے۔

