ایران نے امریکی بحری ناکہ بندی کے خلاف تمام دستیاب ذرائع استعمال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس غیرقانونی محاصرے کو برداشت نہیں کریں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا کی بحری ناکہ بندی فوجی جارحیت کے مترادف ہے اور ایران کو اپنے دفاع کے لیے ہر دستیاب ذریعہ استعمال کرنے کا حق حاصل ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایران امریکی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گا اور اس محاصرے کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گا۔
ایرانی ترجمان برائے وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ اگر امریکا متعلقہ شرائط پوری کرتا ہے تو ایران آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق اپنے وعدوں پر مختصر ترین وقت میں عمل کرسکتا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا نے 13 اپریل کو ایران کی تیل کی برآمدات روکنے کے لیے بحری ناکہ بندی نافذ کی تھی تاہم دونوں ممالک کے درمیان ابتدائی مفاہمت کے بعد جون میں اسے ختم کردیا گیا تھا لیکن معاہدہ ناکام ہونے پر 14 جولائی کو دوبارہ پابندی عائد کردی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ناکہ بندی کے باعث حالیہ مہینوں میں ایران کی خام تیل کی برآمدات تقریباً صفر تک پہنچ گئی ہیں۔
دوسری جانب ایران کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے امریکا کو جنگی کارروائیاں روکنے بحری ناکہ بندی ختم کرنے اور پابندیاں اٹھانے سمیت تہران کی شرائط تسلیم کرنا ہوں گی۔

