پی ایس ایل 12 کا بڑا اعلان، پشاور میں بھی میچز ہوں گے، افتتاحی مقابلہ بھی وہیں ہوگا
پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پشاور میں میچز کھیلے جائیں گے
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی 12 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پشاور کو بھی میچز کی میزبانی مل گئی، ایونٹ کا افتتاحی میچ بھی پشاور میں کھیلا جائے گا۔ پی ایس ایل 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پشاور کو ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اگلے سیزن کے لیے چھٹے وینیو کے طور پر شامل کرنے کی تصدیق کردی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پشاور کے کرکٹ شائقین طویل عرصے سے اس لمحے کا انتظار کر رہے تھے، پی ایس ایل کو پشاور لانے کا مقصد پاکستان کرکٹ کے لیے اس شہر کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پشاور کے عوام لیگ کا اسی جوش و خروش اور گرمجوشی سے خیرمقدم کریں گے جس کے لیے وہ مشہور ہیں۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ یہ وہ لمحہ ہے جس کا لیگ اور بالخصوص پشاور کے شائقین گزشتہ 12 سال سے انتظار کر رہے تھے۔ پی ایس ایل 12 کے لیے چھٹے وینیو کا اضافہ لیگ کی ترقی اور وسعت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پشاور میں میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ ایونٹ کے افتتاحی مقابلے کی میزبانی بھی اسی شہر کو سونپی گئی ہے۔

