ہم ڈیجیٹل دور کی ’’کرامات‘‘ سے لُطف اندوز ہورہے ہیں، پہلے شہرت کا معیار شخصی خوبیاں، علم ، تخلیق اور انسانی خدمات وغیرہ ہوا کرتے تھے، اب محض چند سیکنڈز کی ایک وڈیو، اوٹ پٹانگ حرکات، اپنی خواب گاہ کے مناظر، اول فول سا ایک نام اور بے تکی سنسنی خیزی آپ کو لمحوں میں سوشل میڈیا اسٹار بناسکتی ہے، فالوورز کی تعداد آپ کو شہرت کے ساتویں آسمان پر پہنچا دیتی ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے آپ کی آمدن ہزاروں نہیں، لاکھوں، کروڑوں کے ہندسوں کو چھونے لگتی ہے۔
آپ معاشرے پر اثرانداز یعنی ’’انفلوئنسر‘‘ کہلاتے ہیں، لوگ آپ کی پیروی کرتے ہیں لیکن جب اس مقبولیت سے احساسِ ذمہ داری پیچھے رہ جائے، تفریح، شہرت کے لیے اندھی دوڑ بن جائے اور پرستاروں کی بھیڑ انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن جائے تو سیالکوٹ جیسے واقعات پیش آتے ہیں جہاں ہمیں رُک کر سوچنا پڑتا ہے کہ ہم کس سِمت جارہے ہیں۔
ٹک ٹاکر انصرجٹ عرف ’’مسٹر پتلو‘‘ نے اپنی مہندی کی تقریب میں قیمتی انعامات کا لالچ دے کر عوام کو مدعو کیا، سیالکوٹ کے فراز اسٹڈیم میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، عوام کا ایک جم غفیر یہاں پہنچ گیا، منتظمین اس مجمع کو سنبھال نہ سکے ، بھگڈر مچی جس کے نتیجے میں اور زخمی ہوگئے، دو افراد جاں بحق ہوگئے، ان سے وابستہ خاندانوں کا یہ ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
یہ سماجی المیہ ہمیں سوشل میڈیا کی بے لگام طاقت اور شہرت کی اندھی دوڑ کے متعلق سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔
شہرت کے پیمانے کیسے بدل گئے، اس کے لیے پاکستان کے ٹاپ انفلوئنسرز کی فہرست ایک نظر دیکھ لیجیے۔
مختلف ویب سائٹس اور پوڈکاسٹ رپورٹس کے مطابق:
ڈکی بھائی (سعد رحمان) پاکستان کے سب سے زیادہ ویوز حاصل کرنے والے یوٹیوبر ہیں جو گیمنگ، وی لاگنگ اور انٹرٹینمنٹ کے ذریعے ماہانہ تقریباً 14 سے 70 لاکھ روپے سے زائد کماتے ہیں، ان کے فالوورز 10 ملین سے زیادہ ہیں۔
یہ وہی سعد الرحمان (ڈکی بھائی) ہیں جو غیرقانونی جوئے کی ایپس کی تشہیر کے مقدمے میں ضمانت پر رہا ہوئے۔
معاذ صفدر ، روزانہ کی بنیاد پر فیملی وی لاگز اور شاپنگ ویڈیوز کے ذریعے تقریباً 16 سے 55 لاکھ روپے ماہانہ کماتے ہیں۔
رجب فیملی (رجب بٹ) روزانہ لائف اسٹائل اور فیملی وی لاگز بناکر ماہانہ 40 سے 80 لاکھ روپے کماتے ہیں۔
ٹک ٹاکر جنت مرزا جن کے تقریباً 25.6 ملین فالوورز ہیں، وہ فیشن، بیوٹی، ڈانس، لائف اسٹائل اور تفریحی ویڈیوز کے ذریعے ماہانہ 20 سے 40 لاکھ روپے کماتی ہیں۔
محمد انصر عُرف مسٹر پتلو کے اپنے انٹرویوز کے مطابق وہ ٹک ٹاک لائیو سیشنز کے ذریعے روزانہ 10,000 سے 20,000 ڈالر تک کمالیتے تھے۔
سوشل میڈیا اور انٹرنیشنل انفلوئنسر رینکنگز کے مطابق، مسٹر پتلو کی مجموعی آمدنی کا تخمینہ تقریباً 160 سے 180 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی شہرت اور دولت کے چرچے میں معاشرتی اقدار کہاں گئیں، اس بارے میں ہم نے ہردل عزیز اداکار وگلوکار، خالد انعم سے بات کی، انھیں بچوں کے لیے ٹیلی ویژن کے شعبے میں گراں قدر خدمات کے لیے پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا جاچکا ہے۔
خالد انعم نے کہا،’’ہم جب بڑے ہورہے تھے تو اس وقت ٹیلی ویژن پر کردارسازی کے پروگرامز آتے تھے جن میں گیتوں کے ذریعے بچوں کو سمجھایا جاتا تھا ’’لالچ بری بلا ہے‘‘ آپ دیکھیں ہمارے ہاں اب کوئی بچوں کا پروگرام نہیں ہوتا۔ علامہ اقبال نہیں پڑھائے جارہے ، ’’پہاڑ اور گلہری‘‘ نظم سے سبق نہیں دیا جارہا، مولوی اسماعیل میرٹھی، صوفی تبسم نہیں پڑھائے جا رہے۔ یہ ہمیں ایک بہتر انسان بننے کا طریقہ سمجھاتے تھے۔ ہمارے میڈیا کا قصور ہے، جب آپ ویسٹرن میڈیا کے پیچھے چلیں گے تو وہ آپ کے خیرخواہ نہیں ہیں، نہ ہی آپ کی کردارسازی کریں گے۔ پھر کچے ذہن اور ناخواندہ لوگ ایسے ہی اندھادھند خواہشات کے پیچھے بے سِمت ہوں گے۔
ٹی وی پروگراموں میں مفت میں چیزیں بانٹو کھانا کھلا دو اس طرح ہم خدمت نہیں کررہے، بھکاری پیدا کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کوئی جوا کھیلنا سکھا رہا ہے تو کوئی شوگرڈیڈیز کی بات کر رہا ہے تو کوئی ننگ کو پھیلا رہا ہے۔ مجھے افسوس ہوتا ہے۔ ’’پتلو‘‘ اور اسی طرح سب دوسرے ہمارے بچے ہیں۔ یہ کم مایہ خاندانوں سے آئے ہیں، بہت تعلیم یافتہ نہیں، انھیں معاشرے میں خطرناک رجحان کو فروغ دینے سے روکنا ہم سب کی ذمے داری ہے۔
خالد انعم نے کہا سیالکوٹ کے واقعے جیسے حادثے سے ریاست ہرگز بری الّذمہ نہیں۔ یہاں چار لوگوں کے کھڑے ہونے پہ پابندی اور دفعہ 144 لگا دی جاتی ہے لیکن لاکھوں کے مجمع کو نظرانداز کیا جاتا ہے؟
میڈیا اور سوشل میڈیا کے لیے سارے قوانین موجود ہیں، پیمرا بھی ہے، کیا اس کا کام نہیں ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر ایسے مجمعوں کی دعوت عام کو دیکھے ، کیا یہ کوئی ’’مغل اعظم‘‘ تھے جو لوگوں کو اس طرح ُلا رہے تھے، پیمرا نے کیوں نوٹس نہیں لیا؟‘‘
خالدانعم نے کہا ہمیں سوشل میڈیا پر کاؤنٹر نیریٹو یعنی مقابلے میں ایک دوسری چیز پیش کرنا چاہیے، سوشل میڈیا پر چاہے ہمارے لاکھوں فالورز نہ ہوں ہزار یا سو بھی وہ دیکھ رہے ہوں تو اچھائی کو فروغ ملے گا۔ سب اپنے حصّے کا کام کریں جیسے ایک ماچس خاموشی سے چولہے جلا دیتی ہے کہ کھانا پک جاتا ہے اور سیکڑوں لوگوں کی بھوک مٹ جاتی ہے جب کہ ایک چھوٹا سا بم دھماکا کرتا ہے اور موت بانٹ دیتا ہے، تو آگ دونوں طرف ہے، اسے استعمال کیسے کرنا ہے یہ ہمارے اختیار اور سوچ پر منحصر ہے۔
صحافی منزہ صدیقی، ایک ٹی وی چینل میں انٹرنیشنل ڈیسک کی ایگزیکٹو پروڈیوسر اور پوڈ کاسٹر ہیں۔ منزہ ٹک ٹاک اور دیگر پلیٹ فارمز پر سماجی، سیاسی مواد پیش کرتی ہیں۔
منزہ صدیقی نے کہا،’’جب سوشل میڈیا شروع ہوا تو یہ نیوز پلیٹ فارم کے انداز یا اس مقصد کے لیے شروع نہیں ہوا تھا۔ یہ ظاہر تھا کہ یہاں ہر طرح کا مواد مہیا ہوگا اور ہر مواد کی آڈینس الگ الگ ہے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ سنجیدہ کام خواہ وہ کتابوں میں ہو یا ٹی وی پر اسے پسند کرنے والوں کی تعداد محدود ہوتی ہے، یہی سوشل میڈیا کا رجحان ہے، آپ ہمارے ہاں آمدن کے لحاظ سے’’ ٹاپ ٹین‘‘ انفلوئنسرز کا کنٹینٹ دیکھیں تو زیادہ تر سطحی نظر آئے گا ان کا اپنا تعلیمی پس منظر بھی معمولی ہے لیکن ’’مسٹر پتلو‘‘ اور دیگر انفلوئنسرز کی بہت زیادہ پسندیدگی اس لیے ہے کہ سوشل میڈیا پر سطحی کنٹینٹ دراصل ایک سستا نشہ ہے، انفلوئنسرز لوگوں کے جذبات کو اُبھارتے ہیں، جو بھی کونٹینٹ آپ کو مطمئن یا متاثر کرتا ہے، وہ دماغ میں ڈوپامین کو متحّرک کرتا ہے، یہ بات سائنس سے ثابت شدہ ہے کہ اس کا اثر بالکل وہی ہوتا ہے جو کسی بھی نشہ آور چیز یا الکوحل وغیرہ کا ہوتا ہے۔ ایک غریب ادمی یہی نشہ کرسکتا ہے۔ میں یہ تو کبھی نہیں کہوں گی کہ اس قسم کے کونٹینٹ پر پابندی لگنی چاہیے۔ بہرحال ایک دائرے میں یہ آزادیٔ اظہار ہے، اور ہماری حکومت کے لیے پابندی لگانا تو سب سے آسان کام ہے۔
دُنیا بھر میں اس قسم کے انفلوئنسرز پائے جاتے ہیں مگر انٹرنیشنل ڈیسک کور کرتے ہوئے میں نے آج تک نہیں دیکھا کہ وہاں کھانے پینے یا انعامی معاملات پر اس طرح کی جان لیوا بھگڈر مچی ہو، یہ ترقی پذیر ممالک میں ہی ہوتا ہے۔
سیالکوٹ والے واقعے کی بڑی وجہ بھی پاکستان میں غربت اور تعلیم کی کمی اور ہمارے نوجوانوں کی بے روزگاری ہے۔ ملک میں ساٹھ فی صد نوجوان ہیں، زیادہ تر بے روزگار ہیں۔ جب ان کے پاس کرنے کو کچھ نہیں ہے تو وہ کیا کریں گے۔ پیمرا کو دیکھنا چاہیے تھا، اس قسم کے اعلانات جن میں بھگڈر، لوگوں کی جان کا خطرہ ہو، ان کو کسی ضابطۂ اخلاق کا پابند کرنا چاہیے۔‘‘
منزہ نے کہا کہ ہمیں اپنے ٹین ایجرز کو بھی یہ سمجھانے کی ضرورت ہے کہ سوشل میڈیا سے کمائی حاصل کرنا بہت آسان نہیں ہے، نوجوان آن لائن گیمنگ میں بہت منہمک ہوگئے ہیں۔ اگرچہ اسے اب دنیا میں باقاعدہ اسپورٹس میں شامل کیا جارہا ہے لیکن آپ یہ دیکھیں اس میں مہارت کے لیے آپ کو بہت زیادہ وقت دینا پڑتا ہے، صحت کے مسائل پیدا ہورہے ہیں، گیمرز کے انگوٹھے خراب، گردن اور نظر کے مسائل ہو رہے ہیں۔ یہ والدین کی ذمے داری ہے کہ بچوں کو اس سے روکیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو پابند کیا جائے کہ وہ سولہ یا اٹھارہ سال سے کم عمر نوجوانوں کو اس تک رسائی نہ دیں۔
حافظ محمد عمر تاثیر، سیکنڈ ایئر کے اسٹوڈنٹ ہیں۔ عمر سے ہم نے پوچھا کہ پاکستان کے دس مشہور سرِفہرست ٹک ٹاکرز میں ان کے پسندیدہ کون ہیں تو عمر نے جواب دیا،’’میں یا میرا کوئی بھی دوست انھیں پسند نہیں کرتا، ان کا کام فیملی دکھاؤ، پیسہ کماؤ ہے۔‘‘ عمر نے کہا یہ اپنی دولت کے متعلق غلط بتاکر لوگوں کو گم راہ کرتے ہیں، زیادہ تران پڑھ لوگ ان کی باتوں میں آجاتے ہیں۔
عمر نے تسلیم کیا کہ سوشل میڈیا پر شارٹ کٹ آمدنی کے لیے اتنی پرکشش ترغیبات دی جاتی ہیں کہ اکثر نوجوانوں کی طرح وہ خود بھی اس جھانسے میں آگئے تھے۔ انھوں نے ایک آن لائن پلیٹ فارم پر، جو موویز کے اشتہارات لگانے پر پیسے دے رہا تھا، سرمایہ کاری کی، شروع کے دوماہ میں انہوں نے ڈبل پیسے دیے اور اس کے بعد غائب ہوگئے، عمر نے کہا یہ تجربہ ان کی آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی رہا۔
پروفیسر ڈاکٹر رفیعہ تاج احمد، کراچی یونیورسٹی کے شعبہ ماس کمیونیکیشن کی چیئرپرسن اور ’’علما‘‘ یونیورسٹی میں ڈین رہ چکی ہیں، تیس سال سے زائد تدریسی تجربے کی حامل ہیں۔
رفیعہ تاج نے کہا سیالکوٹ میں رونما ہونے والا افسوس ناک واقعہ اس تلخ حقیقت کا عکاس ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا بے قابو جِِن کی طرح بوتل سے باہر آگیا ہے۔ اب خواندہ یا ناخواندہ سب کے ہاتھ میں موبائل ہے اور اس پر ہمیں چاہتے نہ چاہتے ہوئے ہر قسم کا مواد نظر آتا ہے۔ کچے اور ناخواندہ ذہنوں کے لیے یہ بے حد خطرناک ہے۔ ہمارے ہاں ’’مسٹر پتلو‘‘ جیسے انفلوئنسرز کی لوگ اندھا دھند پیروی کر رہے ہیں۔ انھوں نے مجمع کو لالچ دے کر بلایا اور ہزاروں لوگ جمع ہوگئے۔ ہمارے ہاں غربت کی جو صورت حال ہے اسے تو سب جانتے ہیں کہ کہیں راشن کی تقسیم ہو تو اس میں لوگ ایک دوسرے کے ہاتھ پاؤں نوچنے لگتے ہیں۔ ان صاحب نے جب اس مجمع کا اعلان کیا تھا تو انتظامیہ نے کیوں کنٹرول نہیں کیا؟ آپ دیکھیں حکومت جب کوئی جلسہ، جلوس روکنا چاہتی ہے تو فوراً کنٹینرز لگ جاتے ہیں، سائبر کرائمز اور دیگر کئی ادارے بنے ہیں جو حکومت پر تنقید کے خلاف تو فوراً حرکت میں آجاتے ہیں لیکن اس کُھلے عام دعوت پر انتظامیہ نے کیوں توجہ نہیں دی جب کہ ہمارے ہاں ایسے مواقع پر بھگدڑ مچ جانے کی تاریخ رہی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر قدسیہ طارق، گذشتہ تیس سال سے کراچی یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات سے وابستہ ہیں، وہ ملک کے چند تربیت یافتہ کلائنٹ سنٹرڈ تھراپسٹ میں شمار ہوتی ہیں۔
ڈاکٹر قدسیہ نے کہا المیہ یہ ہے کہ ہمارے پاس ٹیکنالوجی آگئی ہے لیکن اس کے درست استعمال کا طریقہ ہمیں نہیں سکھایا گیا۔ اس امر نے معاشرے میں پہلے سے موجود لوگوں کی کم زوریوں کو کیش کروانے کے رحجان سے مل کر تباہی مچائی ہے۔ سیالکوٹ کا حالیہ واقعہ اسی کی مثال ہے۔
ڈاکٹر قدسیہ نے کہا،’’اگر ہم اس کو نفسیاتی حوالے سے دیکھیں تو میں کہوں گی ہمارے ہاں بچوں کی صرف دو قسم کی نشوونما پر توجہ دی ہے۔ ایک تو جسمانی نشوونما ہے کہ بچہ بڑا ہورہا ہے قد لمبا ہوگیا، صحت ٹھیک ہے وغیرہ دوسرے ذہنی نشوونما کہ بچہ پڑھ رہا ہے، لکھ رہا ہے تو ٹھیک ہے اس کے علاوہ ہم اس کی جذباتی نشوونما پر اُس کے سوشل اسکلز پر توجہ نہیں دیتے جب کہ یہ اسے معاشرے کا بہترین فرد بنانے کے لیے بہت ضروری ہے۔
ہم سوشل ڈیویلپمنٹ پر کام نہیں کر رہے، بچپن سے اپنے جذبات پر، غصے پر کنٹرول، قوت برداشت ان چیزوں پر والدین کی توجہ کم ہوگئی ہے۔ اس کی بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں، زندگی کی تیزرفتاری، ماں اور باپ دونوں کی گھر سے باہر مصروفیات اور بچوں کی بزرگوں کے بجائے ملازمین اور ڈے کیئر سنٹر کے ذریعے پرورش وغیرہ۔
سماجی اور اخلاقی نشوونما درست نہ ہو تو معاشرے میں اسی طرح کا ردعمل نظر آتا ہے کہ ہم لوگوں کو بات بات پر آستینیں چڑھائے دیکھتے ہیں۔ پڑھے لکھے طبقے کا حال ہمیں مختلف برانڈز کی سیل کے دوران نظر آتا ہے کہ جب ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوجاتے ہیں۔
اب اسی تناظر میں ہم اگر سوشل میڈیا کی طرف آجائیں جو ٹک ٹاکر ہیں انفلوئنسرز ہیں۔ یہ کیا بیچ رہے ہیں کن اقدار کو فروغ دے رہے ہیں اور کیوں لوگ دیوانہ وار ان کے پیچھے جا رہے ہیں؟ یہ سب پیسہ کمانے کے لیے ہے۔ لوگ نازیبا حرکتیں کرتے ہیں تاکہ وہ وائرل ہوجائیں جتنے ویوز ہوں گے اتنے ان کو پیسے ملیں گے۔ عوام ہوں یا سوشل میڈیا انفلوئنسرز سب کو پیسہ کمانے اور شہرت کا آسان راستہ چاہیے۔
ڈاکٹر قدسیہ نے کہا کہ معروف ماہرِنفسیات ابراہام میزلو کے نظریے کے مطابق،’’انسان کی بنیادی ضروریات پوری ہوں تو وہ اعلیٰ مقاصد کے لیے آگے بڑھتا ہے۔‘‘ ہمارے عوام تو ابھی ضروریات کی پہلی سیڑھی پر کھڑے ہیں۔
ڈاکٹر قدسیہ نے کہا ہماری جنریشن تک اجتماعی زندگی رائج تھی، محلہ پڑوس کی اہمیت تھی، بزرگ خواہ رشتہ دار نہ بھی ہوں بچوں کی اصلاح کرسکتے تھے۔ اب ایک گھر میں رہتے ہوئے سب الگ الگ، اپنے موبائل فونز میں گم ہیں۔ یہ خطرناک رجحان ہے، والدین کی ذمے داری ہے وہ گھرکا ماحول بہتر بنائیں، بچوں کی سماجی نشوونما اور تربیت، والدین اور اساتذہ دونوں کی ذمے داری ہے جب کہ ہماری حکومت کا فرض ہے کہ وہ لوگوں کو بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرے ، میڈیا کے ادارے صرف حکومت مخالف اقدامات پر ہی حرکت میں نہ آئیں لوگوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے پہنچنے والے نقصانات سے تحفظ فراہم کریں۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ ایجنسی WeProms Digital کے اگست 2026 کے اعدادوشمار کے مطابق، پاکستان میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی آمدنی کا تخمینہ درجِ ذیل ہے:
انفلوئنسر کی قسم ایک اسپانسرڈ ریل کی ممکنہ فیس
٭ Nano (10 ہزار سے کم) 3,000–25,000 روپے
٭ Micro (10 ہزار تا 1 لاکھ) 15,000–180,000 روپے
٭ Macro (1 لاکھ تا 10 لاکھ) 1.2–7.5 لاکھ روپے
Celebrity (10 لاکھ سے زیادہ) 5–30 لاکھ روپے
یہ مارکیٹ ریٹس ہیں، کسی مخصوص انفلوئنسر کی تصدیق شدہ فیس نہیں۔ فالوورز کی تعداد کے علاوہ ویڈیو ویوز، Engagement، آڈینس کی قوتِ خرید، شہرت اور برانڈ کی نوعیت بھی قیمت طے کرتے ہیں۔

