کراچی:
شہر قائد کے علاقے ٹیپو سلطان میں خالی فلیٹ میں مبینہ طور پر لوٹ مار کی نیت سے داخل ہونے والا شخص عمارت کی چوتھی منزل سے گر کر زخمی ہوگیا واقعے کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
پولیس کے مطابق ملزم عمارت کی چوتھی منزل پر واقع ایک خالی فلیٹ میں لوٹ مار کی نیت سے داخل ہوا تھا۔ اس دوران اہل خانہ کے پہنچنے پر اس نے واش روم کے روشن دان سے فرار ہونے کی کوشش کی اور عمارت سے باہر لٹک گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم چند سیکنڈ تک عمارت سے لٹکا رہا، تاہم گرفت مضبوط نہ رہنے کے باعث نیچے جاگرا۔ وہ گراؤنڈ فلور پر موجود ایک دکان کے شیڈ سے ٹکرانے کے بعد سڑک پر گرا جس کے نتیجے میں زخمی ہوگیا۔
واقعے کی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی، جس میں شخص کو عمارت سے لٹکتے اور نیچے گرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ زخمی شخص کو فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایچ او ٹیپو سلطان راجہ سنور کے مطابق پولیس نے زخمی شخص کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ خاتون کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

