ترکیہ میں منعقد اس کانفرنس نے دنیا کے سامنے یہ ثابت کر دیا کہ ماحولیاتی کانفرنس کی میزبانی کا رسمی وقار اب کسی اولمپک کھیل کی طرح سیاحت اور سرمایہ کاری لانے کا ذریعہ نہیں رہا، بلکہ یہ ایک ایسا سفارتی کانٹوں بھرا تاج بن چکا ہے جس میں اربوں ڈالر خرچ کرنے کے باوجود میزبان ملک کے حصے میں ناکامی کی بدنامی آ سکتی ہے۔
بیس نومبر کی ڈھلتی شام، ترکیہ کے دلکش اور تاریخی ساحلی شہر انطالیہ میں، جہاں بحیرہ روم کی نیلگوں اور بے قرار لہریں ساحل سے ٹکرا رہی تھیں، دنیا بھر سے آئے ہوئے ہزاروں صحافی اقوام متحدہ کی اکتیسویں ماحولیاتی کانفرنس (سی او پی 31) کے وسیع و عریض پنڈال میں آدھی رات تک اعلامیہ کا انتظار کر رہے تھے کہ بتایا گیا کہ بند دروازوں کے پیچھے، ساؤنڈ پروف کانفرنس ہالز کی سرد فضا میں دو سو ممالک کے سفارت کار اور مذاکرات کار ابھی تک الفاظ، کوما اور فل اسٹاپ پر دست و گریباں ہیں اور اب اگلے دن ہی اعلامیہ جاری ہو سکے گا۔
مجھے بے اختیار جولائی 2001 کی وہ حبس زدہ اور اعصاب شکن راتیں یاد آ گئیں، جب ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تاریخی آگرہ سربراہ کانفرنس منعقد ہوئی تھی۔ آگرہ کے تاج ویو اور مغل شیراٹن ہوٹلوں کی لابیوں میں ہم سب صحافی آنکھوں میں نیند کا شدید خمار لیے، آدھی رات تک ایک مشترکہ اعلامیے کے انتظار میں گھنٹوں بیٹھے تھے۔ کبھی خبر اڑتی کہ بس دستخط ہونے باقی ہیں، اور پھر اچانک آدھی رات بیت جانے کے بعد اطلاع ملی کہ بات چیت تعطل کا شکار ہو گئی ہے اور پاکستانی صدر جنرل پرویز مشرف رات کے اندھیرے میں اسلام آباد روانہ ہورہے ہیں۔
انطالیہ میں بھی ٹھیک یہی منظرنامہ، بلکہ اس سے بھی زیادہ اذیت ناک انداز میں دہرایا جا رہا تھا۔ جمعہ، بیس نومبر کی شب، جب کانفرنس کو اپنے طے شدہ نظام الاوقات کے مطابق باضابطہ طور پر اختتام پذیر ہونا تھا، آدھی رات کے قریب اعلان ہوا کہ مذاکرات میں ایک دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔ ہفتہ، 21 نومبر کو مذاکرات اپنے اضافی وقت کے دوسرے دن میں داخل ہو چکے تھے۔ کئی وزراء اور اعلیٰ سطحی مندوبین پہلے ہی اپنے ملکوں کو روانہ ہو چکے تھے، جبکہ باقی ماندہ شرکاء اپنی پروازوں کے اوقات اور ہوٹلوں کی بکنگ کے باعث سخت پریشانی میں مبتلا تھے۔ ہفتہ کی رات ایک بار پھر صحافیوں کے صبر کا امتحان لیا گیا اور بتایا گیا کہ حتمی پریس کانفرنس اب اتوار کو ہوگی۔

بالآخر اتوار، 22 نومبر کی شام مقامی وقت کے مطابق ساڑھے سات بجے، جب انطالیہ کے ساحلوں پر رات کی سیاہی اتر چکی تھی، کانفرنس کے صدر اور ترکیہ کے وزیرِ ماحولیات مراد قورم اناطولین ہال سے نکل کر تھکے ہارے صحافیوں کے سامنے نمودار ہوئے اور ان الفاظ کے ساتھ دو ہفتوں کی اس عالمی مشق کا باب بند کر دیا کہ مجوزہ ’انطالیہ معاہدہ‘ اتفاقِ رائے حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔
جنوبی ایشا خاص طور پر ہندوستان-پاکستان مذاکرات کو عرصے سے کور کرنے والے صحافیوں کے لیے یہ عام سی بات تھی، مگر جو چار ہزار کے قریب بین الاقوامی میڈیا کے افراد انطالیہ میں جمع ہوگئے تھے، وہ ششدر تھے۔
مراد قورم کے لہجے میں بے بسی اور سفارتی مجبوری صاف جھلک رہی تھی۔ انہوں نے مندوبین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا؛
ہم نے وہ سب کچھ کیا جو ہمارے بس میں تھا۔ فیصلہ ایک سو چھیانوے ممالک کے ہاتھ میں ہے۔ لہٰذا ہم ان کے فیصلے کا احترام کریں گے۔
درحقیقت یورپی یونین، پاناما، ناروے اور سمندر کی بپھری لہروں کے رحم و کرم پر موجود کئی چھوٹے جزیرہ نما ممالک نے اس حتمی مسودے کو مسترد کر دیا تھا جس میں عالمی حدت اور گرین ہاؤس گیسوں کے سب سے بڑے محرک یعنی ’رکازی ایندھن‘ فوسل فیول یعنی کوئلہ، تیل اور قدرتی گیس کا واضح ذکر کرنے سے دانستہ گریز کیا گیا تھا۔
دو ہفتوں تک دنیا بھر کی حکومتیں اس کرہ ارض کو بچانے کے بلند بانگ دعوے کرتی رہیں، مگر آخر میں وہ ان ایندھنوں کا نام تک لینے پر متفق نہ ہو سکیں جو اس زمین کو تباہی کے دہانے پر دھکیل رہے ہیں۔ اختتامی اجلاس میں پاناما کے مندوب نے وہ جملہ ادا کیا جو اس پوری کانفرنس کے ماتھے پر ایک مستقل نوحے کی طرح ثبت ہو گیا؛
فضا مذاکرات نہیں کرتی، سائنس سودے بازی نہیں کرتی، اور یہ سیارہ اب مزید انتظار نہیں کر سکتا۔

انطالیہ ترکیہ کے ان حسین ترین شہروں میں شمار ہوتا ہے جو بین الاقوامی سفارت کاری کے خشک گلیاروں کے بجائے اپنی سنہری ساحلی پٹی، پُرتعیش تفریح گاہوں، قدیم رومی و عثمانی کھنڈرات اور تاریخ کے اوراق میں لپٹی گلیوں کے باعث دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔
کوہِ طورس کے بلند و بالا سلسلوں اور بحیرہ روم کے نیلگوں پانیوں کے درمیان آباد یہ شہر ہر سال لاکھوں سیاحوں کی میزبانی کرتا ہے۔ لیکن نومبر کے ان دو ہفتوں میں اس شہر کا مزاج اور ہیئت یکسر تبدیل ہو چکے تھے۔ ہوٹلوں کی لابیوں، روایتی ریستورانوں اورعوامی ٹرانسپورٹ میں گلے میں شناختی کارڈ لٹکائے مندوبین کا تانتا بندھا رہا۔ شہر کے قہوہ خانوں اور ٹرام گاڑیوں میں سفر کرتے ہوئے ہر طرف کاربن کے اخراج، قابلِ تجدید توانائی اور ماحولیاتی مالیات کی گنجلک اصطلاحات سنائی دیتی تھیں۔

شہر کا جدید اور منظم ٹرام نظام کانفرنس کے شرکاء کے لیے ایک غیر متوقع کشش بن کر ابھرا۔ انتظامیہ نے شناختی کارڈ رکھنے والے تمام مندوبین اور صحافیوں کے لیے ٹرام کا سفر بالکل مفت کر رکھا تھا، جبکہ خصوصی ٹرانسپورٹ لنکس کانفرنس کے عارضی قصبے کو پورے شہر سے جوڑتے تھے۔
ان ٹرام گاڑیوں کا سفر روزمرہ کے انطالیہ کی زندگی کو قریب سے دیکھنے کا ایک بہترین ذریعہ تھا۔ مسافر جدید رہائشی بستیوں، تجارتی مراکز اور تاریخی علاقوں کے درمیان آتے جاتے نظر آتے۔

پرانی ٹرام لائن تاریخی علاقے ’کالے ایچی‘کے بالکل قریب سے گزرتی تھی، جہاں تنگ و تاریک پتھریلی گلیاں مرمت شدہ عثمانی طرزِ تعمیر کے مکانات، یادگاری اشیاء کی دکانوں اور ترک و بحیرہ روم کے لذیذ پکوان پیش کرنے والے ریستورانوں کے درمیان بل کھاتی ہوئی گزرتی ہیں۔ قدیم بندرگاہ، جہاں ماہی گیروں کی چھوٹی کشتیاں اور سیاحوں کے بحری جہاز لنگر انداز رہتے ہیں، اس شہر کی صدیوں پرانی بحری تاریخ کی یاد دلاتی تھی۔

مگر بحیرہ روم کا یہ سحر انگیز ماحول اپنے دامن میں ایک نہایت تلخ اور بے چین کر دینے والا پیغام بھی چھپائے ہوئے تھا۔ یہ پورا خطہ دنیا کے ان حساس ترین ماحولیاتی مراکزمیں شامل ہے جو تیزی سے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت، طویل خشک سالی، جنگلات کی ہولناک آگ اور آبی وسائل پر بڑھتے ہوئے شدید دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ خود ترکیہ نے حالیہ برسوں میں اپنی اسی بحیرہ روم کی ساحلی پٹی پر جنگلات کی ایسی تباہ کن آتش زدگی کا سامنا کیا ہے جس نے ہزاروں ہیکٹر سبزہ اور بستیاں راکھ کر دی تھیں۔
دوسری جانب کانفرنس کا مرکزی پنڈال بذاتِ خود ایک عارضی مگر مکمل بین الاقوامی شہر کا منظر پیش کر رہا تھا۔ سخت سکیورٹی چوکیاں، رجسٹریشن کاؤنٹرز، وسیع و عریض نمائش گاہیں، دیوہیکل میٹنگ ہالز، ریستوران اور صحافیوں کے کام کرنے کی جگہیں ایک بہت بڑے رقبے پر پھیلی ہوئی تھیں۔ مندوبین لیپ ٹاپ اور مذاکراتی مسودوں کے بھاری پلندے اٹھائے ایک ہال سے دوسرے ہال کی طرف دوڑتے نظر آتے، جبکہ ٹیلی ویژن عملہ براہِ راست نشریات کے لیے مناسب پسِ منظر کی تلاش میں سرگرداں رہتا اور رپورٹرز پریس کانفرنسوں اور بند کمرہ بریفنگز کے درمیان بھاگتے پھرتے۔

ترکیہ نے خود کو ایک باصلاحیت اور جدید میزبان ثابت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔ نمائش گاہوں میں قابلِ تجدید توانائی کی ٹکنالوجیز، برقی گاڑیوں، کچرے کو ٹھکانے لگانے کے جدید نظام اور پانی کے تحفظ کے اختراعی طریقوں کی بھرپور نمائش کی گئی تھی۔ خاص طور پر ’زیرو ویسٹ پویلین‘ شرکاء کی توجہ کا مرکز بنا رہا، جہاں عملی نمونوں کے ذریعے دکھایا گیا کہ کس طرح ری سائیکلنگ، وسائل کے مؤثر استعمال اور صارفین کے طرزِ زندگی میں تبدیلی لا کر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔ ایک اور حصے میں سائنس دانوں اور صنعت کاروں نے ناکارہ ہو جانے والے سولر پینلز اور بیٹریوں سے قیمتی دھاتیں اور مواد دوبارہ حاصل کرنے کی ٹیکنالوجی پیش کی۔ اس موقع پر انٹرنیشنل سولر الائنس کے ڈائریکٹر جنرل آشیش کھنہ نے انکشاف کیا کہ محض پرانے سولر پینلز اور بیٹریوں کی ری سائیکلنگ سے آئندہ پانچ برسوں میں تقریباً پندرہ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔

تاہم، ’گرین زون‘ کی ان چمکتی دمکتی نمائش گاہوں اور ’بلیو زون‘ کے بند مذاکراتی کمروں کے درمیان پایا جانے والا تضاد اتنا ہی واضح اور تکلیف دہ تھا۔ ایک نشست میں ماحولیاتی خطرات کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ یونیورسٹی کے ادارہ برائے ماحولیات و انسانی تحفظ کی سربراہ شین ژیاؤمینگ نے ایک نہایت اہم نکتہ اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سائنسی انتباہات اکثر اس لیے ناکام ہو جاتے ہیں کیونکہ وہ خطرے کو اس زبان میں بیان نہیں کرتے جسے عام آدمی سمجھ سکے۔ انہوں نے کہا؛
ہمارے پاس علم یا معلومات کی کمی نہیں ہے، اصل کمی اس بات کی ہے کہ ہم اس علم کو نچوڑ کر ایسے سادہ اور مؤثر پیغامات میں ڈھال سکیں جو عمل پر آمادہ کریں۔
ان کا یہ مشاہدہ خود ان مذاکرات پر بھی صادق آتا تھا۔ دنیا کے پاس ماحولیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کے سائنسی شواہد کی کوئی کمی نہیں تھی؛ اگر کسی چیز کا قحط تھا تو وہ اس پر عمل کرنے کی سیاسی قوتِ ارادی کا تھا۔ گرین زون میں کمپنیاں اور سائنس دان ایسے عملی حل پیش کر رہے تھے جو بظاہر انتہائی قابلِ عمل دکھائی دیتے تھے، مگر بلیو زون میں حکومتیں اس بات پر الجھی ہوئی تھیں کہ ان حلوں کو نافذ کرنے کی قیمت کون ادا کرے گا۔
نو نومبر کو جب اکتیسویں ماحولیاتی کانفرنس کا باقاعدہ آغاز ہوا تو ترکیہ اس کی صدارت کر رہا تھا جبکہ مذاکرات کی عملی قیادت آسٹریلیا کے سپرد تھی۔ یہ انتظام ایک غیر معمولی سفارتی سمجھوتے کا عکاس تھا، جس نے توانائی کے دو بالکل مختلف نظاموں اور جغرافیائی مفادات رکھنے والے ممالک کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لا کھڑا کیا تھا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ماحولیاتی تحفظ کو پائیدار ترقی، بین الاقوامی تعاون اور حکومتوں کی اخلاقی ذمہ داریوں کے وسیع تر تناظر میں پیش کیا۔ سربراہی اجلاس کی کارروائی میں تقریباً ایک سو عالمی رہنماؤں اور اعلیٰ سطحی نمائندوں نے شرکت کی، اور اس پوری کانفرنس کا مرکزی موضوع ’عملدرآمد‘ قرار پایا۔
دہائیوں سے ماحولیاتی کانفرنسیں محض اعلانات، قراردادیں اور نیک خواہشات پر مبنی دستاویزات پیدا کرتی رہی تھیں، لیکن اب سب سے بڑا چیلنج ان وعدوں کو قابلِ پیمائش عملی اقدامات میں ڈھالنا تھا۔
ترکیہ نے اس موقع پر ’پینتیس بائی پینتیس‘ کے نام سے ایک کلیدی اقدام متعارف کرایا، جس کا مقصد دو ہزار پینتیس تک عالمی توانائی کی مجموعی حتمی کھپت میں بجلی کا حصہ موجودہ اکیس فیصد سے بڑھا کر پینتیس فیصد تک پہنچانا تھا۔ اس تجویز کے تحت پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کی جگہ برقی ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے، حرارت پیدا کرنے کے لیے برقی نظام اپنانے اور صنعتوں کو بجلی پر مبنی ٹکنالوجی اختیار کرنے کی ترغیب دی گئی تھی۔
مگر اس بظاہر دلکش منصوبے میں ایک بنیادی سائنسی اور عملی خامی موجود تھی: محض برقی کاری کا مطلب کاربن سے پاک ہونا نہیں ہے۔ اگر یہ اضافی بجلی بھی کوئلے کے کارخانوں یا قدرتی گیس کو جلا کر پیدا کی گئی، تو ماحولیات کو ہونے والا فائدہ نہایت محدود رہ جائے گا۔ اسی لیے ماحولیاتی تنظیموں نے پرزور مطالبہ کیا کہ برقی کاری کے اہداف کو واضح طور پر قابلِ تجدید توانائی،شمسی و ہوائی توانائی اور رکازی ایندھن کی کھپت میں کمی کے ساتھ مشروط کیا جاء‘ یہی نظریاتی اور عملی اختلاف آگے چل کر اس پوری کانفرنس کی ناکامی کا سب سے بڑا سبب بن گیا۔
مذاکرات کے پہلے بڑے مسودے میں کل ایک سو چوالیس نکات شامل تھے اور اس میں رکازی ایندھن سے بتدریج چھٹکارا پانے کے حوالے سے واضح زبان استعمال کی گئی تھی۔
اس کے علاوہ اس ابتدائی مسودے میں ترقی پذیر ممالک کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے دی جانے والی سالانہ مالی امداد کو دو ہزار پینتیس تک ایک سو بیس ارب ڈالر تک بڑھانے کی تجویز بھی شامل تھی۔ اگرچہ یہ شقیں تمام وفود کو مکمل طور پر مطمئن کرنے کے لیے کافی نہیں تھیں، تاہم انہوں نے بامعنی مذاکرات کی ایک ٹھوس بنیاد ضرور فراہم کر دی تھی۔
لیکن 19 نومبر تک آتے آتے اس مسودے کی شکل ہی بدل دی گئی۔ دستاویز کو غیر معمولی طور پر مختصر کر دیا گیا اور اس میں سے کوئلے، تیل اور قدرتی گیس سے نجات حاصل کرنے کے تمام واضح حوالے پراسرار طور پر غائب ہو گئے۔ یہی نہیں، بلکہ ترقی پذیر ممالک کے لیے تجویز کردہ ایک سو بیس ارب ڈالر کی سالانہ امداد کا ہندسہ بھی مسودے سے حذف کر دیا گیا۔ ماحولیاتی تنظیموں اور موسمیاتی آفات کے شکار غریب ممالک کے لیے یہ محض معمولی ادارتی تبدیلیاں نہیں تھیں، بلکہ ان وعدوں سے کھلی پسپائی تھی جنہیں حاصل کرنے میں عالمی برادری کو کئی دہائیاں لگی تھیں۔
مذاکراتی کمروں میں بڑھتی ہوئی مایوسی بالآخر جمعہ کی دیر رات ہونے والے ایک پلینری اجلاس میں کھلے احتجاج کی صورت میں پھٹ پڑی۔ ایک نوجوان ماحولیاتی کارکن اپنے گلے میں سرخ رنگ کا پھندا ڈالے سکیورٹی حصار توڑ کر کارروائی کے دوران ایوان کے وسط میں آ گیا اور بلند آواز میں چلانے لگا؛
تم مستقبل کا قتل کر رہے ہو! تم مستقبل کو مار رہے ہو! مجھے ابھی کیوں نہیں مار دیتے؟
سکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر اسے گھیرے میں لے کر ہال سے باہر نکالا، مگر باہر جاتے ہوئے بھی وہ مسودے سے رکازی ایندھن کی زبان نکالنے اور مالی امداد کے وعدوں کو کمزور کرنے کے خلاف چیختا رہا؛
گلوبل ساؤتھ اس کا مزید انتظار نہیں کر سکتا، اور تم لوگ بس ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہو!
یہ احتجاج صرف سرکاری پنڈال تک محدود نہیں تھے۔ انطالیہ شہر کے دوسرے حصوں میں منعقد ہونے والے ’پیپلز کلائمیٹ سمٹ‘ عوام کی ماحولیاتی کانفرنس نے ماحولیاتی تنظیموں، نچلی سطح کے کارکنوں اور ماحولیاتی تباہی سے متاثرہ برادریوں کے نمائندوں کو یکجا کیا۔
ان کے مباحث محض کاربن کے اخراج کے اہداف سے آگے بڑھ کر ان سیاسی اور معاشی ڈھانچوں کا احاطہ کر رہے تھے جو دنیا بھر میں ماحولیاتی بربادی کے ذمہ دار ہیں۔ ان اجتماعات میں غزہ کی تباہی کا ذکر بھی نہایت نمایاں اور شدت کے ساتھ گونجا۔
ماحولیاتی کارکنوں نے اس امر کو اجاگر کیا کہ اسرائیل کی وحشیانہ بمباری نے کس طرح غزہ کے پانی اور صفائی کے نظام کو تہس نہس کر دیا ہے، زرخیز زرعی زمینوں کو بنجر بنا دیا ہے اور فلسطینیوں کو تعمیرِ نو کے ایک ایسے ہمالیائی چیلنج سے دوچار کر دیا ہے جس کے ماحولیاتی اثرات دہائیوں تک محسوس کیے جائیں گے۔
اتوار یعنی 22 نومبر کے روز تک مذاکرات کا ماحول مکمل تھکن، بے بسی اور مایوسی کی تصویر بن چکا تھا۔ مراد قورم اور کرس بوون نے گزشتہ دو دنوں کے دوران متضاد موقف رکھنے والے فریقوں کو قریب لانے کی سرتوڑ کوششیں کیں۔ ترکیہ اور آسٹریلیا نے انفرادی وفود کے ساتھ الگ الگ مشاورت کی تاکہ کوئی ایسی درمیانی زبان تلاش کی جا سکے جو ماحولیات کے لیے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کرنے والی حکومتوں کو بھی مطمئن کر سکے اور تیل و گیس پیدا کرنے والے بڑے ممالک کو بھی ناراض نہ کرے۔ مجوزہ ’انطالیہ معاہدہ‘ انہی کوششوں کا نچوڑ تھا۔
مگر جب حتمی مسودہ منظوری کے لیے پلینری اجلاس میں پیش کیا گیا تو اعتراضات کی بوچھاڑ ہو گئی۔ یورپی یونین کی نمائندگی کرتے ہوئے آئرلینڈ کے وزیرِ ماحولیات و توانائی ڈارا او برائن نے دستاویز کو اس بنیاد پر مسترد کر دیا کہ اس میں رکازی ایندھن کا واضح ذکر موجود نہیں ہے۔
پاناما کا موقف بھی اتنا ہی دوٹوک تھا، جس کے نمائندے نے کانفرنس کو یاد دلایا کہ آب و ہوا کو کنٹرول کرنے والے طبعی قوانین سفارتی سودے بازی کے تابع نہیں ہیں۔ مارشل آئی لینڈز، ناروے اور بیلیز نے بھی مسودے پر شدید اعتراضات اٹھائے۔
تاہم، ایوان میں ایک دوسرا گروہ بھی موجود تھا جو اس مسودے کی کمزوریوں کے باوجود اسے قبول کرنے پر آمادہ تھا۔ پاکستان، شام اور وینزویلا نے اس کی منظوری کی حمایت کی۔ وینزویلا کے نمائندے نے دلیل دی کہ مجوزہ فیصلہ اس قابل ہے کہ اسے انطالیہ کے نام سے موسوم کیا جائے۔
مصر نے ماحولیاتی مالیات اور تجارت کے حوالے سے مسودے کی خامیوں کا اعتراف تو کیا، مگر ممالک پر زور دیا کہ وہ باہمی الزام تراشیوں کی نذر ہو کر مذاکراتی عمل کو تباہ نہ کریں۔کچھ ترقی پذیر ممالک کا خیال تھا کہ کسی معاہدے کے بالکل نہ ہونے سے ایک کمزور معاہدہ پھر بھی بہتر ہے، جبکہ دیگر کو خدشہ تھا کہ ایک ناقص متن کو قبول کرنا دراصل پچھلے وعدوں سے دستبرداری کو قانونی جواز فراہم کرنے کے مترادف ہوگا۔
اگرچہ ذرائع ابلاغ کی سرخیوں میں رکازی ایندھن کا تنازع چھایا رہا، لیکن انطالیہ کی ناکامی کی ایک اور بڑی اور بنیادی وجہ ’ماحولیاتی مالیات‘ تھی۔ ترقی پذیر ممالک کا ہمیشہ سے یہ اصولی موقف رہا ہے کہ امیر صنعتی ممالک پر ماحولیاتی اقدامات کے لیے سرمایہ فراہم کرنے کی ایک خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
انطالیہ کے ابتدائی مذاکراتی مسودے میں دو ہزار پینتیس تک ماحولیاتی مطابقت کے فنڈز کو سالانہ ایک سو بیس ارب ڈالر تک بڑھانے کی تجویز شامل تھی۔ یہ فنڈز غریب اور ترقی پذیر ممالک کو سیلاب سے بچاؤ کے بند باندھنے، خشک سالی کا مقابلہ کرنے والی زراعت اپنانے، پانی بچانے اور شدید موسمی آفات کا مقابلہ کرنے والا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
مگر بعد کے مسودوں سے یہ عددی ہدف غائب کر دیا گیا، جس نے افریقی ممالک اور دیگر متاثرہ اقوام کو شدید مشتعل کر دیا۔ افریقی مذاکرات کاروں کے گروپ کی وزارتی چیئرمین اور گھانا کی وزیرِ ماحولیات زینیٹور ایگیمین رولنگز نے اس تصور کو یکسر مسترد کر دیا کہ ترقی پذیر ممالک کو محض ایسے کھوکھلے اعلانات پر قناعت کر لینی چاہیے جن کے پیچھے مالی وسائل موجود نہ ہوں۔ انہوں نے گرجدار لہجے میں کہا؛
براعظم افریقہ ایسے کسی نتیجے کو قبول نہیں کرے گا جو وسائل فراہم کیے بغیر محض اعلانات پیش کرے۔ ہم یہاں بھیک مانگنے نہیں آئے۔ ہم یہاں وہ حق لینے آئے ہیں جو ہمارے عوام کا جائز استحقاق ہے۔
انطالیہ میں پیش کیے گئے اعداد و شمار اس مسئلے کی ہولناکی کو واضح کر رہے تھے۔ اقوامِ متحدہ کے تخمینوں کے مطابق ترقی پذیر ممالک کو دو ہزار پینتیس تک ماحولیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے سالانہ تقریباً تین سو پانچ ارب ڈالر درکار ہوں گے۔
اس کے برعکس انطالیہ کانفرنس میں ’ایڈاپٹیشن فنڈ‘ کے لیے مجموعی طور پر محض پچاس اعشاریہ دو ملین ڈالر کے نئے وعدے کیے گئے، حالانکہ اس فنڈ کا سالانہ ہدف تین سو ملین ڈالر مقرر تھا۔
ہندوستان کے لیے انطالیہ کانفرنس نے ان داخلی و خارجی تضادات کو بے نقاب کر دیا جنہیں سنبھالنا اب نئی دہلی کے لیے روز بروز دشوار ہوتا جا رہا ہے۔ ہندوستان کا استدلال تھا کہ امیر ممالک کو اپنے اخراج میں تیزی سے کمی لانی چاہیے اور ترقی پذیر ممالک کو سرمایہ اور ٹکنالوجی فراہم کرنی چاہیے، کیونکہ ہندوستان کے کروڑوں عوام کو ابھی سستی توانائی، روزگار، رہائش اور صنعتی ترقی کی اشد ضرورت ہے۔
انطالیہ میں ہندوستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک‘ نے ترکیہ کے تجویز کردہ ’پینتیس بائی پینتیس‘ برقی کاری ہدف کی اس لیے مزاحمت کی کہ اس میں مالی ضمانتوں اور قومی حالات کے مطابق لچک کا فقدان تھا۔ محدود مالی وسائل رکھنے والے ممالک کے لیے برقی کاری کا مطلب محض توانائی کا ایک ذریعہ بدلنا نہیں ہے، بلکہ اس کے لیے بجلی کے ترسیلی نظام، صنعتی ڈھانچے اور ٹیکنالوجی میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری درکار ہوتی ہے۔
تاہم، انطالیہ کانفرنس سے چند ماہ قبل اپریل 2026میں ہندوستان کا ایک خاموش فیصلہ اب اس پورے پسِ منظر میں نہایت معنی خیز اور دور اندیش دکھائی دیتا ہے۔ دسمبر 2003 میں دبئی کانفرنس کے دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بڑے طمطراق سے اعلان کیا تھا کہ ہندوستان 2028میں ہونے والی چونتیسویں ماحولیاتی کانفرنس (سی او پی 33) کی میزبانی کرے گا۔
اس وقت اس اعلان کو عالمی سطح پر ہندوستان کے بڑھتے ہوئے قد کاٹھ اور ترقی پذیر دنیا کی قیادت کے عزم کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔ مگر نئی دہلی نے خاموشی سے اطلاع دی کہ وہ اب اس کانفرنس کی میزبانی کی دوڑ میں شامل نہیں رہے گا۔
حکومت نے عوامی سطح پر اس دستبرداری کی کوئی تفصیلی وجہ بیان نہیں کی، مگر انطالیہ کا انجام دیکھ کر اس کی سیاسی حکمت بالکل واضح ہو جاتی ہے۔2028 کی یہ کانفرنس اس لیے بھی انتہائی حساس ہے کیونکہ اس میں پیرس معاہدے کے تحت عالمی کارکردگی کا دوسرا بڑا جائزہ لیا جانا ہے، جس کا مقصد درجہ حرارت کے اہداف کی سمت اجتماعی پیش رفت کا محاسبہ کرنا اور ممالک پر مزید سخت ماحولیاتی پابندیاں عائد کرنے کے لیے دباؤ ڈالنا ہے۔
مزید برآں، 2028 کی یہ کانفرنس ہندوستان کے 2029 کے عام انتخابات سے محض چند ماہ قبل منعقد ہونی تھی۔ بطور میزبان اور صدر ہندوستان سے یہ توقع کی جاتی کہ وہ سخت ماحولیاتی فیصلوں پر اتفاقِ رائے پیدا کرائے، جبکہ دوسری جانب اس کی اپنی توانائی کی پالیسیوں، کوئلے پر انحصار اور ماحولیاتی ریکارڈ پر عالمی میڈیا اور تنظیموں کی کڑی نظر ہوتی۔
انتخابی سال کی دہلیز پر کھڑی کوئی بھی حکومت نہ تو عالمی دباؤ میں آ کر ایسے فیصلے کر سکتی تھی جن سے ملک میں بجلی مہنگی ہو یا صنعتیں متاثر ہوں، اور نہ ہی وہ کسی ناکام کانفرنس کا سیاسی ملبہ اپنے سر لینے کی متحمل ہو سکتی تھی۔ ترکیہ میں منعقد ا س کانفرنس نے دنیا کے سامنے یہ ثابت کر دیا کہ ماحولیاتی کانفرنس کی میزبانی کا رسمی وقار اب کسی اولمپک کھیل کی طرح سیاحت اور سرمایہ کاری لانے کا ذریعہ نہیں رہا، بلکہ یہ ایک ایسا سفارتی کانٹوں بھرا تاج بن چکا ہے جس میں اربوں ڈالر خرچ کرنے کے باوجود میزبان ملک کے حصے میں ناکامی کی بدنامی آ سکتی ہے۔

انطالیہ معاہدے کی ناکامی کا مطلب یہ نہیں تھا کہ کانفرنس کے دوران ہونے والے تمام اقدامات بے معنی رہے۔ ترکیہ نے اس عالمی اجتماع کو قابلِ تجدید توانائی، برقی کاری اور ماحولیاتی ٹکنالوجیز میں سرمایہ کاری راغب کرنے کے لیے بھرپور انداز میں استعمال کیا۔ کانفرنس کے دوران چھبیس ارب ڈالر سے زائد مالیت کے تجارتی معاہدوں اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کا اعلان کیا گیا، جن میں قابلِ تجدید توانائی، جوہری توانائی کے تحقیقی منصوبے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی شراکت داری شامل تھی۔
ایشیا سوسائٹی پالیسی انسٹی ٹیوٹ کے ’چائنا کلائمیٹ ہب‘ کے سربراہ لی شو نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی کانفرنس کی میزبانی سرمایہ کاری راغب کرنے کا ایک غیر معمولی موقع فراہم کرتی ہے۔ مگر تجارتی معاہدے کبھی بھی سیاسی عزم اور عالمی قوانین کا نعم البدل نہیں بن سکتے، اور نہ ہی مہنگی اور غیر یقینی ’کاربن کیپچر‘ ٹکنالوجی کو تیل اور گیس کی پیداوار میں لامحدود اضافے کا جواز بنایا جا سکتا ہے۔

انطالیہ کی تاریخ میں یہ کانفرنس ایک اور بین الاقوامی اجتماع کے باب کے طور پر درج ہو جائے گی۔ اب اگلی ماحولیاتی کانفرنس (سی او پی 32) دو ہزار ستائیس میں ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں منعقد ہونی ہے۔
اس کے منتظمین کو وراثت میں انطالیہ کے وہی ادھورے مباحث، تلخ تنازعات اور ان ممالک کی بڑھتی ہوئی توقعات ملیں گی جو پہلے ہی ماحولیاتی تباہی کی آگ میں جل رہے ہیں۔ سب سے زیادہ فکرمند وفد خود ایتھوپیا کا دکھائی دیتا تھا؛ اگر ترکیہ جیسا ملک اپنے تمام تر سفارتی اثر و رسوخ، جدید سہولیات اور وسائل کے باوجود دو سو ممالک کو ایک صفحے پر نہیں لا سکا، تو افریقہ کے اس ملک کو اگلے برس کن کٹھن آزمائشوں کا سامنا ہوگا؟
اتوار کی رات جب انطالیہ کے ہوائی اڈے سے آخری صحافیوں کی پروازیں اڑان بھر رہی تھیں، تو باہر کا موسم انتہائی پرسکون تھا۔ سمندر کی لہریں بدستور ساحل کو چوم رہی تھیں، ٹرام گاڑیاں اپنی منزل کی جانب رواں تھیں اور قدیم شہر مسکراتے ہوئے نئے سیاحوں کو خوش آمدید کہہ رہا تھا۔
مگر اس کرہ ارض کا موسمیاتی نظام اقوامِ متحدہ کے نظام الاوقات کے تابع نہیں چلتا۔ یہ اس بات کا انتظار نہیں کرتا کہ وزراء اپنی واپسی کی پروازیں تبدیل کریں، مذاکرات کار رات بھر جاگ کر پیراگرافوں میں ردوبدل کریں، یا سفارت کار ایسے الفاظ تراشیں جو دنیا کے ہر دارالحکومت کو قابلِ قبول ہوں۔
انطالیہ سے رخصت ہونے والے صحافیوں کے لیے اکتیسویں ماحولیاتی کانفرنس کا سب سے لرزہ خیز سبق یہی تھا؛ کانفرنس کا وقت ختم ہو چکا تھا، مگر ماحولیاتی بحران کے پاس اب بھی وقت نہیں بچا ہے۔

