اسلام آباد:رپورٹ محمد سلیم سے
وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو مؤثر، فعال اور جدید ادارہ بنانے کیلئے اس کی تنظیمِ نو کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ ایجنسی کی تنظیمِ نو سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سائبر کرائمز کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ایجنسی اور اس کے تمام ذیلی دفاتر میں آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین تعینات کرنے کی ہدایت کی، میرٹ پر بہترین افرادی قوت بھرتی کرنے پر زور دیا اور کہا کہ تنظیمِ نو میں اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے زیر التوا مقدمات کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا بھی حکم دیا۔
وزیراعظم نے ایجنسی کی پیش کردہ اصلاحاتی سفارشات پر غور کیلئے وفاقی وزراء محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل کمیٹی بنانے کا حکم دیا۔ یہ کمیٹی رواں ہفتے کے آخر تک اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ این سی سی آئی اے کو قومی سطح کی ’’پاکستان سائبر پولیس‘‘ میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے، جس کیلئے بہترین افرادی قوت میرٹ پر رکھی جائے گی۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سائبر کرائم کے سلسلے میں قومی سلامتی کیلئے مخصوص نظام فعال ہو چکا ہے اور موجودہ نظام کے تحت مقدمات کے حل کیلئے حتی المقدور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں ایجنسی کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سید محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

