پاکستان کے شمال مغربی ضلع باجوڑ میں لیبیا کے ساحل کے قریب کشتی ڈوبنے کے واقعے میں مقامی نوجوانوں کی اموات کی اطلاعات پر سوگ کی فضا ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ حادثے میں باجوڑ کے 30 سے زائد نوجوان ڈوب گئے، تاہم ضلع انتظامیہ نے اموات کی حتمی تعداد نہیں بتائی۔
وفاقی وزیر مملکت برائے امور قبائل مبارک زیب خان نے کہا ہے کہ لاپتہ مسافروں کی تلاش اور لاشوں کی واپسی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
ان کے مطابق انہوں نے لیبیا میں باجوڑ سے تعلق رکھنے والے زندہ بچ جانے والے افراد سے رابطہ کیا ہے اور پاکستانی سفارت خانے اور وزارت برائے سمندر پار پاکستانیوں سے رابطے میں ہیں۔
حادثے کا درست مقام اور کشتی میں سوار افراد کی تعداد تاحال واضح نہیں۔
عرب نیوز کے مطابق باجوڑ کے سابق رکن صوبائی اسمبلی انور زیب خان نے بتایا کہ حادثے میں بڑی تعداد میں مقامی افراد ڈوب گئے، تاہم وہ کشتی میں سوار باجوڑ کے شہریوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کر سکے۔
انہوں نے بتایا کہ مختلف دیہات میں غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی جا چکی ہے۔
باجوڑ کے ڈپٹی کمشنر نے ایک بیان میں حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور کہا کہ پولیس واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرے گی۔
انہوں نے انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی یقین دہانی بھی کرائی۔
لیبیا یورپ پہنچنے کے خواہش مند تارکین وطن کے لیے وسطی بحیرہ روم کا ایک اہم راستہ ہے۔
باجوڑ کے نوجوان اس سے پہلے بھی ایسے حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
فروری 2025 میں مغربی لیبیا کے قریب کشتی ڈوبنے کے ایک اور واقعے میں باجوڑ اور کرم کے شہری بھی متاثر ہوئے تھے، جبکہ پاکستانی قونصلر حکام نے اس حادثے میں ملنے والی 16 پاکستانیوں کی لاشوں کی شناخت کی تھی۔
پاکستان میں روزگار کے محدود مواقع اور بہتر مستقبل کی تلاش نوجوانوں کو خطرناک سمندری سفر پر مجبور کر رہی ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نوجوانوں کے لیے روزگار اور فنی تربیت کے مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ انہیں بیرون ملک جانے کے لیے اپنی جان خطرے میں نہ ڈالنی پڑے۔
انہوں نے حکام پر زور دیا کہ حادثے میں ڈوبنے والے افراد کی شناخت مکمل کر کے ان کی لاشیں وطن واپس لائی جائیں اور زندہ بچ جانے والے افراد اور ان کے خاندانوں کی مدد کی جائے
میاں افتخار حسین نے کہا، ’روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کو بیرون ملک جانے کے لیے اپنی جان خطرے میں نہ ڈالنا پڑے۔‘

