NED Siemens – ایکسپریس اردو

ned1795627667 0


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بدھ کے روز این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں پاکستان کی پہلی یونیورسٹی میں قائم سیمنز پاور اکیڈمی کا افتتاح کیا۔ یہ اقدام صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان اشتراک اور نوجوان انجینئرز کو عملی مہارتوں، جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ مہارت فراہم کرنے کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

سیمنز پاکستان اور این ای ڈی یونیورسٹی کے اشتراک سے قائم ہونے والی یہ اکیڈمی پاکستان کی کسی انجینئرنگ یونیورسٹی میں اپنی نوعیت کی پہلی اکیڈمی ہے۔ اس کے قیام کے ساتھ پاکستان سیمنز کی عالمی نیٹ ورک میں شامل ہوگیا ہے، جس میں 28 ممالک میں 29 پاور اکیڈمیز کام کر رہی ہیں۔

افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اور کلیدی مقرر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ اقدام اس نوعیت کے اشتراک کی مثال ہے جس کی مدد سے تعلیمی حصول اور صنعتی عمل کے درمیان خلیج کم کی جاسکتی ہے اور فارغ التحصیل طلبہ کو تیزی سے تبدیل ہوتی عالمی معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکتا ہے۔

تقریب میں جرمنی کے قونصل جنرل تھامس ای شلٹزے، سیمنز پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سید محمد دانیال، بورڈ کے چیئرمین کارل اسٹیفن ورنر، سیمنز مشرق وسطیٰ کے شعبہ برقی کاری اور آٹومیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر پال فیئر ویدر، این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو، صنعت اور تعلیمی شعبے کے نمائندوں، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ )جو خود بھی این ای ڈی یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں) نے ادارے سے اپنی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اپنے مادرِ علمی واپس آکر نوجوان انجینئرز کے مستقبل کی تشکیل کے لیے قائم کیے گئے اس اقدام کو دیکھنا ان کے لیے اعزاز اور باعثِ مسرت ہے۔

اپنے پیشہ ورانہ سفر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز واپڈا میں بطور انجینئر کیا، جس کے بعد پورٹ قاسم میں بھی کام کیا۔ ان تجربات نے انہیں سکھایا کہ انجینئرنگ محض کلاس روم میں تعلیم حاصل کرنے یا کاغذ پر ڈیزائن بنانے کا نام نہیں، بلکہ حقیقی مسائل پر علم کا اطلاق، زمینی حقائق کو سمجھنا اور فیصلوں کی ذمہ داری قبول کرنا بھی اس کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ہمارے نوجوانوں کو یونیورسٹی کی تعلیم کے دوران بالکل اسی نوعیت کا عملی تجربہ حاصل ہو۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ 2023 کی مردم شماری کے مطابق پاکستان ایک نوجوان آبادی والا ملک ہے، جہاں ہر تین میں سے تقریباً دو افراد کی عمر 30 سال سے کم ہے۔ یونیورسٹیوں میں داخلوں کی تعداد بھی 2014-15 میں تقریباً 13 لاکھ سے بڑھ کر 2023-24 میں لگ بھگ 20 لاکھ ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ملک نے اعلیٰ تعلیم تک رسائی بڑھانے میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔ تاہم، اب اگلا بڑا چیلنج تعلیم کو مہارتوں، مہارتوں کو روزگار اور علم کو معاشی مواقع میں تبدیل کرنا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ سندھ کے کسی دور دراز دیہی علاقے سے تعلق رکھنے والی نوجوان خاتون کو بھی انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے، عملی مہارتیں سیکھنے اور کامیاب پیشہ ورانہ زندگی بنانے کے اتنے ہی مواقع ملنے چاہئیں جتنے کراچی میں پرورش پانے والے کسی طالب علم کو حاصل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے معیاری اور قابلِ رسائی تعلیم، مضبوط جامعات اور ایسی صنعتوں کی ضرورت ہے جو اپنا علم، تجربہ اور مہارت نوجوانوں کے ساتھ بانٹ کر ان پر سرمایہ کاری کے لیے تیار ہوں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے این ای ڈی کے فارغ التحصیل طلبا کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس یونیورسٹی کی قابلِ فخر روایت رہی ہے کہ اس نے ایسے انجینئرز پیدا کیے جنہوں نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

انہوں نے سید عتیق شفعت کا حوالہ دیا، جنہوں نے این ای ڈی میں شمسی توانائی سے چلنے والی گاڑی کی تیاری میں حصہ لیا، جس نے آسٹریلیا میں بین الاقوامی مقابلے میں شرکت کی۔ بعد ازاں انہوں نے ہونڈا آف کینیڈا مینوفیکچرنگ میں ہونڈا سی آر وی کے اندرونی انجینئرنگ کے کام کی قیادت بھی کی۔

انہوں نے این ای ڈی کے فارغ التحصیل شاہد احمد چشتی کا بھی ذکر کیا جنہوں نے کینیڈا کے ڈارلنگٹن نیوکلیئر پاور اسٹیشن کی بحالی سے متعلق بڑے توانائی منصوبوں کے انتظام میں کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اس بات کی متاثر کن مثالیں ہیں کہ جب پاکستانی صلاحیتوں کو درست تعلیم، تجربہ اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ کیا کچھ حاصل کرسکتی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انجینئرنگ قومی پیداواری صلاحیت، صنعتی مسابقت اور معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔ اس کے ذریعے صنعتیں اپنی کارکردگی بہتر بنا سکتی ہیں، جدید ٹیکنالوجی اپنا سکتی ہیں، اخراجات کم اور پیداوار میں اضافہ کرسکتی ہیں۔

بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ملک کو کارکنوں کی ترسیلاتِ زر کی مد میں ریکارڈ 41.6 ارب ڈالر موصول ہوئے، جس سے لاکھوں خاندانوں کو سہارا ملا اور زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط ہوئے۔ انہوں نے ایسی معیشت کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا جو ملک کے اندر باعزت اور بہتر روزگار کے مواقع پیدا کرے، جبکہ ہنرمند پاکستانی پیشہ ور افراد کو عالمی منڈیوں میں کامیابی سے مقابلہ کرنے کے قابل بھی بنائے۔

سیمنز پاور اکیڈمی کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے سندھ میں کام کرنے والی مزید کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ بھی اس مثال کی پیروی کرتے ہوئے جامعات کے ساتھ اشتراک کریں۔ طلبا کے لیے اپنی سہولیات کھولیں اور نوجوان انجینئرز کو پیشہ ورانہ زندگی شروع کرنے سے پہلے حقیقی صنعتی مسائل پر کام کرنے کے مواقع فراہم کریں۔

انہوں نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جہاں سیمنز پاور اکیڈمی کا یہ یونیورسٹی پر مبنی ماڈل متعارف کرایا گیا ہے اور این ای ڈی یونیورسٹی اس سلسلے میں پہلا ادارہ ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام ایک کامیاب ماڈل ثابت ہوگا اور دنیا کے دیگر حصوں میں سیمنز اور جامعات کے درمیان اسی نوعیت کے اشتراک کی حوصلہ افزائی کرے گا۔

اس موقع پر سیمنز پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سید محمد دانیال نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی تقریب میں شرکت انجینئرنگ کے شعبے اور نوجوان انجینئرز کی ترقی کے لیے ان کے عزم کا اظہار ہے۔

انہوں نے انجینئرنگ کی ترقی کے حوالے سے جرمنی اور پاکستان کے دیرینہ اشتراک کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سیمنز نے پاکستان کی صنعتوں کو توانائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ان کے مطابق اکیڈمی کا قیام ڈیجیٹلائزیشن، جدید ٹیکنالوجی اور انجینئرز کی نئی نسل کی تربیت کے ذریعے اسی عزم کو آگے بڑھانے کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد صرف موجودہ صنعتی ضروریات کو مدنظر رکھنا نہیں بلکہ نوجوان پیشہ ور افراد کو مستقبل کے تکنیکی چیلنجز کے لیے بھی تیار کرنا ہے۔

سیمنز مشرق وسطیٰ کے شعبہ برقی کاری اور آٹومیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر پال فیئر ویدر نے کہا کہ این ای ڈی میں اکیڈمی کا قیام مسلسل کوششوں اور یونیورسٹی و سیمنز کے درمیان قریبی تعاون کا نتیجہ ہے۔ تمام متعلقہ فریقوں کے مشترکہ عزم کے باعث یہ وژن بالآخر حقیقت کا روپ دھار سکا۔

مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ بعض اوقات مصنوعی ذہانت کو ایک عفریت کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، لیکن یہ جدید تکنیکی منظرنامے کا لازمی حصہ بن چکی ہے۔ لہٰذا نوجوان انجینئرز کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی افادیت اور مسابقت برقرار رکھنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کو سمجھیں اور اسے اپنائیں۔





Source link

متعلقہ پوسٹ