اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے 25 نومبر کو تیانگونگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کو چینی خلائی اسٹیشن لے جانے والے شینزو-24 مشن کی کامیاب روانگی پر چینی سفیر، چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس تاریخی مشن کا حصہ بننے کا موقع دینے پر چین کا تہہ دل سے شکر گزار ہے۔ اس مشن کے ذریعے ایک پاکستانی چینی خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والا پہلا غیر ملکی خلا باز بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک خلا باز کا نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کا سفر ہے، جو نوجوانوں اور سائنسی برادری کے خوابوں اور بلند عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے اسے پاک چین آہنی دوستی کا عملی مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کا تعاون اب ستاروں تک جا پہنچا ہے۔
وزیراعظم نے دونوں پاکستانی خلا بازوں کی تربیت پر چینی اداروں کی کاوشوں کو سراہا، جبکہ سپارکو، تعلیمی اداروں، سائنس دانوں اور مسلح افواج کے کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی پاکستانی نوجوانوں کو چاند اور اس سے آگے کی منزلوں کا خواب دیکھنے اور انہیں حاصل کرنے کے لیے متحرک کرے گی۔
وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کی دوراندیش قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں چین نے سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق میں نمایاں ترقی کی ہے اور اپنا خلائی پروگرام دوست ممالک کے لیے بھی کھولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خلا کی پُرامن تحقیق اور استعمال کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ بھی لیا گیا، جس میں رواں سال پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات شامل تھیں۔ وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے نام اپنے تہنیتی خطوط بھی چینی سفیر کے حوالے کیے اور ان تک اپنی نیک تمناؤں کا پیغام پہنچانے کی درخواست کی۔

