نواب وزیرالدولہ – ایکسپریس اردو

doctor younis hasni1768513836 0


امیر خاں کے انتقال کے بعد ان کے صاحبزادے دلی سے بلا کر سربراہ ریاست مقرر کیے گئے۔ امیرالدولہ وزیر الملک نواب محمد وزیر خاں بہادر صولت جنگ کے خطابات کے ساتھ وہ تخت نشین ریاست ہوئے۔ دہلی کے قیام کے زمانے میں وہ امور حکمرانی کے اصولوں سے بخوبی آشنا ہو چکے تھے اس لیے انھوں نے ریاست کی بہتری کے لیے اقدامات شروع کیے۔

وزیرالدولہ خود بڑے دین دار آدمی تھے، اس لیے انھوں نے مساجد میں دینی مدارس کے قیام کو فروغ دیا، دینی تعلیم کا چرچا عام ہوا۔ ملک کے مختلف حصوں سے علما کھچے چلے آئے اور وزیر الدولہ کی فراغ دستی سے محظوظ ہوتے رہے۔ یہ عہد وزیری ہی تھا جس نے ٹونک کو ہندوستانی ریاستوں میں خالص اسلامی مزاج کی حامل ریاست بنانے میں اہم حصہ ادا کیا۔

وزیرالدولہ خود تو دین دار تھے وہ سید احمد شہید بریلوی کے حلقہ دل دادگان میں شامل تھے اور یہ بات انگریزوں کے حلق سے اترنے والی نہ تھی اس لیے وہ ان پر گہری نظر رکھے ہوئے تھے۔

سید صاحب کا نقطہ نظر یہ تھا کہ وہ ہندوستان کے بالائی علاقوں میں ایک اسلامی ریاست برپا کریں اور پھر اس کے ذریعے ہندوستان میں داخل ہو کر اسلامی حکومت کی بنیاد رکھیں اور یوں پورا ہندوستان ایک اسلامی ریاست بن جائے۔ چنانچہ اس کے لیے انھوں پورے ملک کے دورے کیے اور اپنے ساتھ اتنے افراد اکٹھے کر لیے جو آگے چل کر فوج کی صورت اختیار کر لیں۔ وہ راجپوتانے سندھ اور بلوچستان کے راستے افغانستان میں داخل ہوئے اور پھر وہیں سے ہندوستان کے بالائی حصوں پر حملے کرنا شروع کیے۔ وہ دو بار پشاور کو فتح کر لینے میں کامیاب ہوئے مگر دونوں بار پشاور کے حکمراں دوست محمد نے خوشامد درآمد اور معافی تلافی کرکے اپنے علاقے واگزار کر الیے۔

سید صاحب ابھی صوبہ سرحد کے بالائی علاقوں ہی میں نبردآزما تھے کہ ان کا مقابلہ سکھوں سے ہو گیا۔ شدید جنگ کے باوجود اپنوں کی غداری کے باعث بالاکوٹ کے مقام پر پشت کے ایک راستے کی سراغ رسانی ہو جانے کے باعث سکھ افواج پشت سے بھی حملہ آور ہو سکیں اور بالاکوٹ کا سنگی میدان شہادت گاہ بن گیا۔ سید صاحب کے دھڑ کو بالاکوٹ میں اور گردن و سر کو دریا کنہار کے کنارے دفن کیا گیا۔ مجاہدین میں یہ بات نزاعی بنی رہی کہ جن کو دفن کیا گیا وہ سید صاحب تھے بھی یا نہیں۔

بہرحال جہاد کی یہ تحریک بالاکوٹ میں ہی اپنے اختتام کو پہنچی اور زندہ بچ جانے والے جنگ جو جیسے تیسے سندھ جانے میں کامیاب ہو گئے جہاں ان کی سرپرستی کے لیے پیر پگارا شریف موجود تھے۔ وہ جہاد کے حامیوں میں سے تھے مگر ابھی عملاً شریک نہ ہو سکے تھے کہ جنگ ہی ختم ہو گئی۔ بہرحال مجاہدین کو پیر صاحب نے پناہ دی اور انھیں آباد کیا۔ سندھ کے حکمراں پیر صاحب کے زیر اثر تھے، اس لیے انھوں نے بھی اس آبادکاری پر کوئی اعتراض نہیں کیا، البتہ انگریزوں کے لیے یہ آبادکاری ناپسندیدہ تھی۔ ایک تو پیر صاحب کے مریدین جو حُرکہلاتے تھے اور کسی وقت بھی فوج کی شکل اختیار کر سکتے تھے، انگریز اس عنصر سے بڑے پریشان تھے۔

اب شکست خوردہ مجاہدین کا ان کے ساتھ مل جانا کمزور سندھ حکومت کو طاقت بخش سکتا تھا۔ انگریز پہلے ہی سندھ پر دانت لگائے بیٹھے تھے۔ اگرچہ کوئی دستاویزی ثبوت تو موجود نہیں لیکن گمان غالب ہے کہ انگریز حکومت نے وزیر الدولہ کو یہ رائے دی ہو کہ وہ شکست خوردہ مجاہدین کو اپنے ہاں بلا لیں تاکہ ریاست کو مضبوط فوجی طاقت میسر آ سکے۔ چنانچہ اس رائے کو مناسب سمجھتے ہوئے وزیرالدولہ نے مجاہدین کو ٹونک آنے اور آباد ہونے کی دعوت دی۔

 مجاہدین اپنے جمے جمائے گھروں کو بالائے طاق رکھ کر وزیرالدولہ کی شخصیت اور ان کی دین داری کا لحاظ کرتے ہوئے ٹونک آنے کو تیار ہو گئے اس میں وہ لوگ بھی شامل تھے جو واپسی پر اپنے سابقہ گھروں کو جاسکے۔

بہرحال مجاہدین ایک قافلے کی شکل میں ٹونک میں داخل ہوئے اور قلب شہر میں ٹھہرائے گئے۔ انھی کی آبادکاری کے باعث یہ جگہ محلہ قافلہ کہلائی اور قلب شہر میں آج بھی موجود ہے، یوں مجاہدین کی اکثریت ٹونک میں آباد ہو گئی۔





Source link

متعلقہ پوسٹ