شین زین چین ،سہہ فریقی اجلاس

2726773 abdulhameed 1729190785


چین کے شہر شین زین جو کہ HUWAI,BYD  جیسے ہائی ٹیک giantsکا شہر ہے وہاں اٹھارہ،انیس نومبر2026 کو ایک تاریخ ساز اجلاس منعقد ہوا۔یہ ایشیا پیسیفک اکنامک کوآرڈینشن کونسلAIPAC کا اجلاس تھا جس میں اکیس ممالک شریک ہوئے۔اس اجلاس میں کیا بات ہوئی اور اس سے ان ممالک کے درمیان اکنامک تعاون کی کتنی راہیں وا ہوئیں اور دنیا کو اس اجلاس سے کیا فائدہ ہوگا شاید اس پر بہت نظریں لگی ہوئی تھیں۔ ہر کوئی اس اجلاس کے انعقاد میں اس حوالے سے بے حد دلچسپی لے رہا تھا کہ اس میں چین،روس اور امریکا کے سربراہانِ مملکت شریک ہو رہے تھے۔

یہ تینوں سربراہان دو طرفہ ملاقاتیں بھی کر رہے تھے اور سہہ فرقی ملاقاتیں بھی کر رہے تھے۔ ایک اچھے ماحول میں ملاقاتوں سے امید پیدا ہو چلی تھی کہ شاید کوئی بریک تھرو ہو سکے۔1990 کی دہائی تک دنیا دو واضح کیمپوں میں تقسیم تھی۔ایک کیمپ امریکا اور اس کے اتحادیوں کا تھا۔خلائی پروگرام اور جوہری ہتھیاروں کے علاوہ اکثر شعبوں میں اس کیمپ کو قدرے برتری حاصل تھی۔دوسرا سوویت یونین اور اس کے اتحادیوں کا کیمپ تھا،1990کی دہائی میں سوویت یونین کے تحلیل ہو جانے کے بعد یہ دوسرا کیمپ عملاً تحلیل ہو گیا اور دنیا یونی پولر ورلڈ آرڈر کی طرف بڑھ گئی۔

امریکا اپنی وقعت و طاقت اور معیشت کے بل بوتے پر واحد سپر پاور بن کر ابھرا۔چین اس وقت ایک کمزور فوجی قوت اور چھوٹی سی معیشت تھا لیکن پچھلے تیس، پینتیس سالوں میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کی حکومت نے کم و بیش75کروڑ افراد کو نہ صرف خطِ غربت سے نکال کر حیرت انگیز معجزہ کر دکھایا بلکہ چین کو ایسی ترقی بخشی کہ ہر کوئی انگشت بدنداں رہ گیا۔امریکا نے پچھلے 80سالوں میں کسی ابھرتی قوت و اکانومی کو اتنا پنپنے نہیں دیا کہ کوئی بھی اس سے آگے نکل جائے یا مدِ مقابل آ کر اسے للکار سکے ۔چین وہ واحد ملک ہے جس نے چپکے چپکے اتنی ترقی کر لی کہ اب وہ امریکا کی ٹکر کا ملک بن گیا ہے۔

چین میں ہونے والی یہ ملاقاتیں اس حوالے سے تاریخی کہی جا سکتی ہیں کہ دوسری عالمی جنگ کے خاتمے پر 1945 میں یالٹا کانفرنس کے بعد ایسا پہلی بار دیکھنے میں آیا۔اس ملاقات میں چین،روس اور امریکا کے سربراہان الگ الگ مقاصد لیے آئے تھے لیکن اس اجلاس سے یہ امید پیدا ہو گئی تھی کہ اس کے بعد دنیا امن کی جانب قدم بڑھائے گی اور کم از کم ایک فلیش پوائنٹ یعنی روس،یوکرین جنگ کے خاتمے کی طرف جائے گی۔کانفرنس سے کچھ خاص حاصل نہیں ہوا۔روس،یوکرین جنگ کی وجہ سے خاصی تنہائی کا شکار ہے۔زمینی صورتحال کے مطابق یوکرین کے ساتھ جنگ میں روس کی پوزیشن مضبوط ہے لیکن یورپ روس سے خائف رہتے ہوئے اس سے دور ہی ہوتا جا رہا ہے۔

یورپ یہ بھی چاہتا ہے کہ یوکرین کامیاب ہو تاکہ روس کے دانت کھٹے ہوں،وہ ذلیل ہو۔چین میں ہونے والی اس میٹنگ میں روس کے صدر پیوٹن کو یہ موقع ملا کہ وہ دنیا خاص کر یورپ کو دکھا سکے کہ وہ سب سے اہم میز پر بیٹھا ہے اور یورپ کا کوئی بھی سربراہ وہاں نہیں۔چین اس اہم ترین اجلاس کا میزبان اور اسٹیج پر سب سے نمایاں پوزیشن کا حامل ملک تھا۔چین کے لیے یہی کافی ہے کہ وہ سینٹر آف دی اسٹیج تھا۔امریکی مِڈ ٹرم الیکشن میں ری پبلکن پارٹی کی شکست نے صدر ٹرمپ کو خاصا کمزور کر دیا ہے۔سہہ فریقی اجلاس میں صدر ٹرمپ کا تین بڑوں کے اجلاس میں شریک ہونا ان کی پبلک ریلیشن مہم کے لیے بہت اہم تھا۔صدر ٹرمپ اس امید پر تھے کہ اجلاس میں صدر پیوٹن کو قائل کر لیں گے کہ وہ یوکرین جنگ کو ختم کر دیں تاکہ وہ یعنی صدر ٹرمپ ایک اور بڑی کامیابی کا اعلان کر سکیں۔

چین کے صدر جناب شی نے ابھی پچھلے دنوں واشنگٹن کا دورہ کیا تھا۔اس دورے میں ان کی جو آؤ بھگت ہوئی،جتنی خاطر مدارت ہوئی اس سے عیاں ہوگیا کہ چین اب امریکا کا ہم پلہ ملک ہے اور امریکا دنیا کی واحد سپر پاور نہیں رہا۔چین نے 18/19نومبر کو شین زین میں تین سب سے مضبوط اور طاقتور ممالک کی میزبانی کر کے اپنی حیثیت کو ایک بار پھر منوا لیا۔اس اجلاس سے پہلے QUADکا اجلاس ہوا جس کے اعلامیئے میں ساؤتھ چائنا سی کا ذکر تک نہیں حالانکہ QUAD  کی تشکیل ہی ساؤتھ چائنا سی میں چین کو آنکھیں دکھانے کے لیے تھی۔کہا جا رہا ہے کہ کواڈ اجلاس سے پہلے امریکا نے کواڈ ممبران کو تنبیہ کر دی تھی کہ ساؤتھ چائنا سی کا کوئی ذکر نہ کرے۔صدر شی کچھ کیے بغیر بہت کچھ حاصل کر گئے کیونکہ وہ Convening power تھے۔دوسری عالمی جنگ کے بعد اتنی اہم میٹنگ کو منعقد کرنے کا سہرا ان کے سر جاتا ہے۔

دنیا کو یہ پیغام خود بخود پہنچ گیا کہ چین صرف برابر کی قوت ہی نہیں بلکہ ایک برتر قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔آنے والے دنوں میں شاید چین کو ساؤتھ چائنا سی میں اور تائیوان کے مسئلے پر بہت کامیابیاں ملیں۔اس اجلاس سے پہلے جیرڈ کشنر اور وڈکاف ماسکو میں صدر پیوٹن سے ملے تھے۔صدر ٹرمپ اس امید سے چین آئے تھے کہ صدر پیوٹن یوکرین جنگ کے بارے میں کوئی مثبت قدم اُٹھائیں گے۔چین میں اجلاس سے صرف ایک دن پہلے یوکرین نے کریمیا اور مین لینڈ روس کو ملانے والے ایک اہم ترین پُل کو تباہ کر دیا۔صدر پیوٹن نے چین روانگی سے قبل اپنی افواج کو ہدایات دیں اور چین میں اجلاس شروع ہونے کے روز یوکرین کے دارالحکومت کیف کے اندر تین پل اُڑا دیے۔

صرف یہی نہیں بلکہ صدر پیوٹن نے اپنے رویے میں مزید سختی پیدا کرتے ہوئے چین میں منعقدہ سہہ فریقی اجلاس کی سائڈ لائن پر امریکی مذاکرات کاروں کو بتایا کہ اب ان کا مطالبہ صرف یہ نہیں کہ یوکرین کو نیٹو کی ممبر شپ نہ دی جائے بلکہ اب وہ یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ نیٹو یورپ کے سولہ ممالک سے نکل جائے یعنی صدر ٹرمپ کو صدر پیوٹن سے کوئی رعایت تو نہ ملی البتہ یورپ کے سولہ ممالک سے نیٹو کے انخلا کا مطالبہ سامنے آ گیا۔امریکی خصوصی ایلچی جیرڈ کشنر کے ایک دن پہلے کے بیانات اسی جھنجھلاہٹ اور مایوسی کا اظہار کرتے ہیں۔ایران اس اجلاس کے ایکٹو ایجنڈے اور میز پر نہیں تھا،ہاں یہ بات دوسری ہے کہ اجلاس میں ایجنڈے سے ہٹ کر جو باتیں ہوئیں ، ان میں ایران کے بارے میں کیا بات ہوئی۔ایران اس اجلاس کی کارروائی کو بہت دلچسپی سے دیکھ رہا تھا۔ایران نے دیکھ لیا کہ صدر ٹرمپ بہت حد تک خالی ہاتھ لوٹے۔

ایشین پیسیفک اکنامک کو آرڈینیشن کونسل کے اجلاس کے اختتام پر جاری اعلامیئے میںکہا گیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کو ریفارم کیا جائے، تیل اور تیل کی مصنوعات کی پیداوار بڑھائی جائے۔انٹرنیشنل کریمینل کورٹ کو اپنے کام سے کام رکھنے کا پابند کیا جائے اور یہ کہ جوہری جنگ کوئی نہیں جیت سکتا اس لیے جوہری حملے کی تباہ کاریوںکے رسک کو کم سے کم کیا جائے۔اگر اس اعلامیئے کو غور سے دیکھا جائے تو اس سے زیادہ مبہم اعلامیہ شاید ہی ڈرافٹ کیا گیا ہو۔اس میں کوئی ٹھوس بات نہیں کہی گئی۔ اس اجلاس کی سائڈ لائن پر ہونے والی تین بڑوں کی انتہائی اہم اور تاریخی ملاقات بھی بظاہر پُھس پھسی رہی۔واشنگٹن کے انتہائی اصرار پر جوہری ہتھیاروں پر بات چیت کو شامل کیا گیا تھا لیکن یہ نظر آ رہا تھا کہ اس سلسلے میں بات آگے نہیں بڑھ پائے گی۔روس کے پاس سب سے زیادہ جوہری ہتھیار ہیں۔امریکا کے پاس روس سے کچھ کم جوہری ہتھیار ہیں لیکن وہ تقریباً روس کے ہم پلہ ہے۔

چین کے پاس صرف چھ سو سے ذرا زیادہ جوہری ہتھیار ہیں۔وہ کیونکر اپنے ہتھیاروں میں کمی پر آمادہ ہوگا لیکن امریکا کی شدید خواہش ہے کہ چین اس بات چیت کا حصہ ہو تاکہ جو بھی پیشقدمی ہو چین بھی اس کا پابند ہو۔امریکا یہ سمجھتا ہے کہ اے آئی میں وہ باقی دنیا سے آگے ہے،اس لیے وہ اس شعبے پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتا اور کوئی رعایت نہیں دینا چاہتا۔حالانکہ اس اجلاس میں کوئی پیش رفت کوئی بریک تھرو نہیں ہوئی اور بریک تھرو کی کوئی خاص توقع بھی نہیں تھی لیکن دنیا کی تین بہت بڑی قوتوں کا آپس میں ملنا،ایک میز پر اکٹھا ہونا اور بات چیت جاری رکھنے پر متفق ہونا ہی بہت بڑی کامیابی ہے۔ چین کے لیے یہ بڑی کامیابی ہے کہ اس نے اس ملاقات کی راہ ہموار کی اور خود سینٹرآف دی اسٹیج رہا۔





Source link

متعلقہ پوسٹ