پاکستان اور ایران کے درمیان وہ خلیج جو حقیقت میں تھی ہی نہیں

394781 1026176112


پاکستان کو رواں سال کے اوائل میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کی شدت کم کرنے کے لیے ثالث کا کردار ادا کرنے پر بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا۔ جب پاکستان اگست میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ہوا تو بعض مبصرین نے موقف اختیار کیا کہ اس سے پاکستان کے غیر جانب دار رہنے کے دعوے پر حرف آیا ہے۔

انہوں نے اس حقیقت کو نظر انداز کر دیا کہ پاکستان سہ فریقی معاہدے میں شامل ہونے سے پہلے ہی سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ دفاعی معاہدے پر دستخط کر چکا تھا۔

اس کے باوجود تہران اور واشنگٹن نے پاکستان کو بخوشی ثالث کے طور پر قبول کیا۔ عمان اور قطر کو بھی ثالثی کا طویل تجربہ حاصل تھا اور دونوں کے دونوں دارالحکومتوں کے ساتھ اچھے تعلقات تھے، اس کے باوجود پاکستان کو ترجیح دی گئی۔

گذشتہ چند ہفتوں میں ایک نیا تاثر ابھرا کہ تہران جان بوجھ کر اسلام آباد سے دوری اختیار کر رہا ہے۔ یہ تاثر تین واقعات پر مبنی تھا۔

پہلا یہ کہ ایران نے ان ممالک کی فہرست میں پاکستان کو شامل نہیں کیا، جن کے بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ دوسرا یہ کہ پاکستان آنے والے قطر کے ایک ایل این جی ٹینکر کو 30 اکتوبر کو خلیج میں نامعلوم حملہ آوروں نے نشانہ بنایا، حالانکہ پاکستان کی درخواست پر ایران نے اسے گزرنے کی اجازت دے دی تھی۔

تیسرا یہ کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی زمینی تجارتی راہداری کئی روز کے لیے بند کر دی۔ ناقدین کا موقف تھا کہ یہ بندش امریکہ کی مزید سخت پابندیوں کے سامنے ایک رعایت تھی اور پاکستان امریکی دباؤ کا مقابلہ نہیں کر سکتا تھا۔

ان میں سے زیادہ تر تصورات غلط فہمیوں پر مبنی تھے۔ انڈیا، چین، قطر اور عراق کو ان کی فوری ضروریات کی وجہ سے استثنیٰ دیا گیا۔ ایرانی رکن پارلیمان احمد حیات مقدم کے مطابق انڈیا کو دیا گیا استثنیٰ اس لیے ہے تاکہ ایران کو ادویات کی فراہمی جاری رہے، جب کہ چین کو دیا گیا استثنیٰ بیجنگ کی سیاسی حمایت کی عکاسی کرتا ہے۔

ایران چین کو تیل فراہم کرنے والے اہم ممالک میں بھی شامل ہے۔ قطر اور ایران خلیج کے نیچے دنیا کے سب سے بڑے گیس فیلڈز میں سے ایک میں شراکت دار ہیں۔ عراق ایک طویل مشترکہ سرحد، دونوں حکومتوں کی مشترکہ مذہبی وابستگی اور کرد علیحدگی پسندی کو قابو میں رکھنے میں مشترکہ مفاد کے باعث ایران کے ساتھ قریبی طور پر جڑا ہوا ہے۔

دوسری جانب پاکستان مارچ میں اُن دوست ممالک کی ایرانی فہرست میں شامل تھا جنہیں گزرنے کی اجازت دی گئی تھی اور اس کے بعد پاکستان آنے والے قطر کے کئی ایل این جی کارگو ایران کی اجازت سے گزر چکے ہیں۔ اس لیے پاکستان کو نئی فہرست میں شامل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔

تجارتی راستہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند کیا گیا تھا۔ پاکستان اور ایران کی سرحد غیر محفوظ ہے اور طویل عرصے سے منشیات اور لوگوں کی سمگلنگ کے ساتھ ساتھ سرحد کے دونوں جانب جرائم پیشہ گروہوں کی معاونت کے لیے استعمال ہوتی رہی ہے۔ ایک ہفتے بعد اسے دوبارہ کھول دیا گیا۔

مضبوط تعلقات دونوں ممالک کے لیے سٹریٹیجک ضرورت ہیں۔ انڈیا اور افغانستان کے ساتھ پاکستان کی سرحدوں پر کشیدگی ہے اور وہ اپنی دیگر دو سرحدوں یعنی چین اور ایران کے ساتھ کشیدگی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ایران کے ساتھ پاکستان کے صدیوں پرانے ثقافتی، لسانی اور نسلی تعلقات بھی ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات ایران عراق جنگ کے زمانے سے کئی ہنگامہ خیز ادوار کا سامنا کرتے آئے ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

15 اور 16 نومبر کو اسلام آباد نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرا کونسل کے اجلاس کی میزبانی کی اور ایران کی نمائندگی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کی۔ اگر تعلقات میں واقعی شدید کشیدگی ہوتی تو تہران اپنے وفد کی قیادت کے لیے کسی اور کو بھیج سکتا تھا۔ اجلاس کے مشترکہ اعلامیے، جس کی ایران نے بھی توثیق کی، میں پاکستان اور قطر کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کی گئی۔

قطر پاکستان کی حمایت سے ثالثی کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ اس کے اثر و رسوخ کی ایک وجہ ایران کے تیل سے حاصل ہونے والی تقریباً 6 ارب ڈالر کی وہ آمدن ہے، جسے 2023 میں امریکہ اور ایران کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت قطری بینکوں میں منتقل کیا گیا تھا اور جو اس کے بعد سے منجمد ہے۔

ایران کی جانب سے اپنی جوہری تنصیبات کے بین الاقوامی معائنے قبول کرنے کے بدلے ان فنڈز کا اجرا موجودہ تعطل ختم کرنے کی کلید ثابت ہو سکتا ہے۔

سعودی عرب پاکستان میں بے حد مقبول ہے اور سعودی مملکت کے ساتھ باہمی دفاعی معاہدے اور اس کے بعد سہ فریقی معاہدے کا ملک میں اچھا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

ایران میں عوامی ردعمل ملا جلا رہا ہے، لیکن حکومت نے کوئی اعتراض نہیں اٹھایا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اگست میں کہا تھا کہ تہران اس معاہدے سے خود کو خطرے میں محسوس نہیں کرتا اور اسے اس بات کی علامت سمجھتا ہے کہ خطے کے ممالک امریکہ پر اپنے انحصار کا ازسرنو جائزہ لے رہے ہیں۔

26 اکتوبر کو تینوں رکن ممالک کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد کا، جس میں سعودی عرب کے وزیر دفاع، پاکستان کے آرمی چیف اور ترکی کے انٹیلی جنس سربراہ شامل تھے، تہران میں گرم جوشی سے استقبال کیا گیا اور ایران نے واضح کیا کہ وہ علاقائی سکیورٹی کے ایسے نظام کو ترجیح دیتا ہے جس میں خطے کے ممالک خود مرکزی کردار ادا کریں۔

22 ستمبر کو انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد کے زیر اہتمام ایک آن لائن اجلاس میں، میں نے ایران کے سابق وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کو مکہ معاہدے کی حمایت کا اظہار کرتے سنا۔

پاکستان اور ایران کو کئی وجوہات کی بنا پر ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔ جب تک افغانستان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مخاصمانہ رہیں گے، ایران، ترکی اور وسطی ایشیا تک پاکستان کا واحد زمینی راستہ ہوگا۔

ان کی بے امن سرحد کا انتظام بھی مشترکہ طور پر ہی کیا جا سکتا ہے، اگر دہشت گردی پر قابو پانا مقصود ہو۔ اور اگر مستقبل میں پائپ لائن کے ذریعے ایرانی گیس کی انڈیا کو برآمد ممکن ہوئی تو پاکستان اس کے لیے واحد زمینی راستہ ہے۔ ایسی پائپ لائن سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا اور باہمی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

ایک وقت تھا جب پاکستان میں فارسی بڑے پیمانے پر پڑھائی اور سمجھی جاتی تھی۔ اس روایت کو دوبارہ زندہ کیا جانا چاہیے۔

ہزاروں پاکستانی زیارت کے لیے ایران جاتے ہیں، لیکن بہت کم ایرانی پاکستان آتے ہیں۔ کھیلوں اور ثقافتی تبادلوں کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کو قریب لایا جا سکتا ہے۔

پاکستانی ڈرامے ایران میں دکھائے جانے چاہییں اور ایرانی فلمیں پاکستان میں۔ اسی طرح حکومتی سطح پر اسلام آباد کو تہران کے ساتھ باقاعدگی سے رابطے میں رہنا چاہیے۔

نوٹ: مصنف پاکستان کے سابق سفارت کار ہیں اور مشرق وسطیٰ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ پاکستانی اور خلیجی اخبارات میں ہفتہ وار کالم لکھتے ہیں اور دفاعی و سیاسی تجزیہ کار کے طور پر سیٹلائٹ ٹی وی چینلز پر باقاعدگی سے نظر آتے ہیں۔

یہ تحریر جو اس سے قبل عرب نیوز پاکستان پر شائع ہوچکی ہے، جو ان کی ذاتی رائے پر مبنی ہے اور ادارے کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔





Source link

متعلقہ پوسٹ