پاکستانی ٹیلی ویژن ڈراما سیریز ’در نجات‘ کا پوسٹر۔ (تصویر: یوٹیوب سے لیا گیا اسکرین شاٹ)
پاکستانی ٹیلی ویژن ڈراما سیریز ’در نجات‘ کی اسکریننگ بنگلورو میں 28 نومبر اور 5 دسمبر کو ہونی تھی۔ اعتراضات اور پولیس کی پڑتال کے بعد دونوں پروگرام رد کر دیے گئے۔ پہلی اسکریننگ ’دی بلوم سوسائٹی سسٹرز کلب‘ کی جانب سے فریزر ٹاؤن کے ایک فارسی اور عربی ریستوراں میں کی جانی تھی، جبکہ دوسری اسکریننگ ’دی اسٹار کلب‘ کے زیر اہتمام شہر کے ایک نجی تھیٹر میں ہونی تھی۔
نئی دہلی:اعتراضات اور پولیس کی تفتیش کے بعد پاکستانی ٹیلی ویژن ڈراما سیریز ’در نجات‘ کی دو پرائیویٹ اسکریننگ رد کر دی گئی ہیں۔ یہ اسکریننگ بنگلورو میں 28 نومبر اور 5 دسمبر کو کی جانی تھی۔
دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، رد ہونے سے پہلے سوشل میڈیا پر اس بارے میں اشتہار دیا گیا تھا۔ پہلی اسکریننگ، جس کا اہتمام ’دی بلوم سوسائٹی سسٹرز کلب‘ کی جانب سے کیا جانا تھا، 28 نومبر کو شام 6 بجے فریزر ٹاؤن کے ایک فارسی اور عربی ریستوراں میں ہونی تھی۔
اس پروگرام کو بنگلورو میں ڈراما سیریز کی 34ویں اور 35ویں قسط کی ’پہلی بار اسکریننگ‘ کے طور پر مشتہر کیا گیا تھا۔ اسکریننگ کے بعد فارسی اور عربی کھانے پر مشتمل ڈنر کا بھی اہتمام کیا جانا تھا۔
دوسری اسکریننگ کا اہتمام ’دی اسٹار کلب‘ کر رہا تھا۔ یہ پروگرام 5 دسمبر کو شہر کے ایک نجی تھیٹر میں کیا جاناتھا۔
بنگلورو کے پولیس کمشنر آر. ہتندر نے دی ہندوسے کہا، ’ہم اس بارے میں اور زیادہ جانکاری حاصل کرنے کے لیے منتظمین سے رابطہ کر رہے ہیں۔ اگر زمینی سطح پر کسی کارروائی کی ضرورت محسوس ہوئی تو وہ بھی کی جائے گی۔‘
دونوں پروگراموں کے منتظمین نے اخبار سے تصدیق کی کہ اسکریننگ رد کر دی گئی ہیں۔ پہلے پروگرام کے آرگنائزر نے بتایا کہ احتجاج کے بعد پروگرام کے ساتھ طے شدہ فارسی اور عربی تھیم والے ڈنر کو بھی رد کر دیا گیا ہے۔
دہلی میں اسکریننگ میں شریک خواتین کو ملی دھمکیاں
دریں اثنا، دہلی میں منعقد ’واچ پارٹی‘ کے دوران ’در نجات‘ کی اسکریننگ میں شریک ہونے والی بعض خواتین کو ڈرامے کی تعریف کرنے پر آن لائن بدسلوکی، ذاتی حملوں اور یہاں تک کہ دھمکیوں کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔ ان خواتین نے اس پروگرام کے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیے تھے۔
’ٹیلز آف سٹی‘ کے بانی صفیان خان نے انڈیا ٹوڈےسے کہا کہ وہ اب دہلی میں اس شو کے فنالے (آخری ایپی سوڈ) کی اسکریننگ نہیں کریں گے۔ پہلی ’واچ پارٹی‘ کی کامیابی کے بعد ان کا ایسا کرنے کا ارادہ تھا، لیکن اب انہوں نے گزشتہ پروگرام میں شریک خواتین کی سلامتی کے پیش نظر اسے رد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ22 نومبر کو ٹیلز آف سٹی اور چند دیگر مداحوں کی جانب سے منعقدہ اس پروگرام کو شروعات میں کافی اچھا ردعمل ملا تھا۔ صفیان نے بتایا کہ اس کے اگلے ہی دن رات سے سوشل میڈیا پر منفی تبصرے آنے شروع ہو گئے۔ انسٹاگرام پر پروگرام سے متعلق اپنے تجربات شیئر کرنے والی خواتین کو نشانہ بنایا جانے لگا۔
صفیان کے مطابق، سوشل میڈیا پر خواتین کے تبصرے عام ہونے کے بعد ان میں سے بعض کو گالی گلوچ پر مبنی پیغامات اور دھمکیاں موصول ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر تشویش ہے کہ اس پورے معاملے کا زیادہ اثر خواتین پر پڑا ہے۔
انڈیا ٹوڈے نے اس پروگرام میں شریک فنانس کے شعبے میں کام کرنے والی نشیما اسنیہل کے حوالے سے بتایا کہ ڈراما دیکھنے پر انہیں غدارکہا گیا۔
انہوں نے کہاکہ شروعات میں انہوں نے پروگرام کا ایک ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کیا تھا۔ اس ریل کو تقریباً 50 ہزار بار دیکھا گیا، لیکن بعد میں انہوں نے اسے اپنے اکاؤنٹ میں آرکائیو کر دیا۔ انہوں نے کہا ، ’کل مجھے بہت سے تبصرے موصول ہوئے، جن میں کہا گیا کہ شاید میں غدار ہوں یا کچھ اسی طرح کی…۔‘
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وزارت اطلاعات و نشریات نے نیٹ فلکس سے اس بات کو یقینی بنانے کو کہا ہے کہ پاکستان سے متعلق مواد ہندوستان میں ریلیز نہ کیا جائے۔
’آل انڈیا سنیما ورکرز ایسوسی ایشن‘ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر پاکستان میں بنی نیٹ فلکس کی ویب سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ہندوستان میں ریلیز ہونے سے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ وزارت نے نیٹ فلکس سے 8 مئی 2025 کی اپنی ایڈوائزری پر عمل کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کو کہا ہے کہ پاکستان سے آنے والا مواد ہندوستان میں دستیاب نہ ہو۔
معلوم ہو کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد جاری کی گئی اس سرکاری ایڈوائزری میں ہندوستان کے تمام او ٹی ٹی پلیٹ فارمز، اسٹریمنگ سروسز اور ثالثی خدمات فراہم کرنے والے اداروں سے کہا گیا تھا کہ وہ پاکستان میں تیار کردہ مواد کی نشریات روک دیں۔

