صائم ایوب سہ ملکی سیریز سے باہر، متبادل کھلاڑی کا اعلان
پاکستان نے سہ ملکی سیریز میں مسلسل تین فتوحات کے بعد فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے
پاکستان کرکٹ بورڈ نے صائم ایوب کو سہ ملکی ون ڈے سیریز کے بقیہ میچز کے لیے قومی اسکواڈ سے ریلیز کردیا، ان کی جگہ صاحبزادہ فرحان ٹیم کا حصہ بنیں گے۔
پی سی بی کے مطابق صائم ایوب نے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سے گفتگو کے بعد اپنی بیٹنگ فارم بہتر بنانے اور اعتماد بحال کرنے کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کی خواہش ظاہر کی تھی، جسے ٹیم انتظامیہ اور قومی سلیکشن کمیٹی نے قبول کرلیا۔
صاحبزادہ فرحان ان دنوں کھٹمنڈو میں نیپال پریمیئر لیگ کھیل رہے ہیں اور انہیں پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے پاکستان واپس آکر قومی ٹیم کو جوائن کرنا ہے۔
پاکستان نے سہ ملکی سیریز میں مسلسل تین فتوحات کے بعد فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ گرین شرٹس منگل 27 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف ٹورنامنٹ کا پانچواں میچ کھیلیں گے۔
یاد رہے کہ اتوار کو انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس میچ میں صائم ایوب صرف 6 رنز بناکر ڈیبیو کرنے والے ہنری کروکومب کی گیند پر آؤٹ ہوگئے تھے۔

