اوٹاوا: کنیڈا کی سپریم کورٹ نے کیوبیک کے متنازع قانون "بل ۲۱” کو بڑی حد تک برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا ہے، جس کے تحت سرکاری شعبے کے بعض ملازمین دورانِ ملازمت نمایاں مذہبی علامات نہیں پہن سکتے۔ ۲۷ نومبر کو سنائے گئے فیصلے میں عدالت نے ۲۰۱۹ کے اس قانون کو زیادہ تر آئینی قرار دیا۔ اس کے نتیجے میں سرکاری اسکولوں کے اساتذہ، پولیس اہلکاروں، ججوں اور سرکاری وکیلوں سمیت قانون کے دائرے میں آنے والے افراد پر حجاب، سکھ پگڑی، یہودی کپا اور مسیحی صلیب پہننے کی پابندی برقرار رہے گی۔ مقدمہ "انگلش مونٹریال اسکول بورڈ بنام کیوبیک حکومت” کے نام سے زیرِ سماعت تھا۔
عدالت نے قرار دیا کہ کیوبیک کی قانون ساز اسمبلی نے آئین کی "ناٹ وِد اسٹینڈنگ کلاز” کا اختیار درست طور پر استعمال کیا۔ اس شق کے تحت صوبائی یا وفاقی حکومت مذہبی آزادی اور مساوات جیسے بنیادی حقوق کی آئینی ضمانتوں کے باوجود قانون نافذ کر سکتی ہے۔ اس کی مدت ۵ سال ہوتی ہے اور تجدید ضروری ہے۔ کیوبیک نے ۲۰۱۹ میں اسے استعمال کیا اور ۲۰۲۴ میں تجدید کی۔
کیوبیک حکومت کا موقف ہے کہ قانون ریاست اور مذہب کی علیحدگی (سیکولرازم) کے تحفظ کے لیے ضروری ہے، جس کی تاریخی جڑیں ۱۹۶۰ کی دہائی کے "کوہائٹ ریوولیوشن” سے جڑی ہیں۔ صوبائی وزیر اعظم پال سینٹ پیئر پلامونڈون نے فیصلے کو سیکولرازم کی فتح قرار دیا۔ مخالفین کا کہنا ہے کہ یہ قانون مذہبی اقلیتوں، خصوصاً مسلم خواتین، کو سرکاری ملازمتوں سے دور کرتا ہے اور انہیں عقیدے اور کیریئر میں سے ایک چننے پر مجبور کرتا ہے۔ مسلم اور سکھ تنظیموں، شہری آزادیوں کے کارکنوں اور متاثرہ اساتذہ نے اسے امتیازی قرار دیا ہے۔
عدالت نے قانون کی ایک شق کو آئینی حقوق کے منافی قرار دیا، جو قومی اسمبلی کے منتخب ارکان کو مذہبی وجوہات پر چہرہ ڈھانپ کر فرائض انجام دینے سے روکتی تھی۔ عدالت نے متفقہ طور پر کہا کہ اس سے منتخب نمائندوں کے جمہوری حقوق متاثر ہوتے ہیں۔ چار ججوں نے یہ بھی قرار دیا کہ "ناٹ وِد اسٹینڈنگ کلاز” کے استعمال کے باوجود عدالت کسی قانون کے حقوق سے عدم مطابقت کا اعلان کر سکتی ہے، تاہم اس کیس میں ایسا اعلان جاری نہیں کیا گیا۔ تین ججوں نے اختلافی رائے میں کہا کہ قانون مذہبی آزادی، اظہارِ رائے اور مساوات کو متاثر کرتا ہے اور اس کے اثرات مذہبی علامات پہننے والی خواتین پر غیر متناسب پڑتے ہیں۔
وزیر اعظم مارک کارنی نے فیصلے کے احترام کا اظہار کیا، مگر کہا کہ ان کی حکومت اس کے اثرات کا جائزہ لے گی اور وفاقی سطح پر بنیادی حقوق محدود کرنے کے لیے یہ شق استعمال نہیں کرے گی۔ اس فیصلے کو کنیڈا میں صوبائی خودمختاری، مذہبی آزادی اور آئینی حقوق کے توازن کے حوالے سے اہم نظیر قرار دیا جا رہا ہے۔

