کوپن ہیگن: ڈنمارک میں سرکاری وکیلوں کو عدالتی کارروائی کے دوران مذہبی حجاب پہننے سے روکنے کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ۲۵ نومبر کو سامنے آنے والے اس فیصلے کے تحت سرکاری استغاثہ کے وکیلوں کو عدالت میں پیشی کے وقت مذہبی اور سیاسی طور پر غیر جانب دار دکھائی دینا ہوگا۔ وزیر انصاف نکولائی وامن نے کہا کہ پابندی مذہبی اسکارف پر بھی لاگو ہوگی۔ انہوں نے ڈائریکٹر آف پبلک پراسیکیوشن سے نئی داخلی ہدایات جاری کرنے کو کہا ہے۔ ان کا موقف ہے کہ جس طرح ججوں کو غیر جانب دار دکھائی دینا ضروری ہے، اسی طرح ریاست کی نمائندگی کرنے والے وکیلوں کے لیے بھی یہ اصول ہونا چاہیے۔
یہ فیصلہ ویبورگ میں تعینات سرکاری وکیل زہرا صدیقی کے معاملے کے بعد سامنے آیا، جنہوں نے لنکڈ اِن پر خود کو ڈنمارک کی پہلی حجاب پوش سرکاری وکیل بتایا تھا۔ اس پوسٹ کے بعد عدالتی عہدوں پر مذہبی لباس اور سرکاری اداروں کی غیر جانب داری پر بحث چھڑ گئی۔ ڈنمارک کی سرکاری وکیلوں کی انجمن نے اس وقت ان کی حمایت کی تھی۔ الجزیرہ سے گفتگو میں زہرا صدیقی نے کہا کہ حجاب سے وکیل کی غیر جانب داری یا پیشہ ورانہ صلاحیت متاثر نہیں ہوتی اور خواتین کو مذہب اور پیشے میں سے کسی ایک کے انتخاب پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق حقیقی مساوات کا مطلب ہے کہ خواتین کو قابلیت اور دیانت داری پر پرکھا جائے، نہ کہ لباس پر۔
حکومت نے نفاذ کی حتمی تاریخ نہیں بتائی، اور یہ بھی واضح نہیں کہ حجاب اتارنے سے انکار پر کیا کارروائی ہوگی۔ پابندی پارلیمانی قانون سازی کے بجائے داخلی ہدایات کے ذریعے نافذ ہوگی اور فوجداری مقدمات میں ریاست کی نمائندگی کرنے والے وکیلوں پر لاگو ہوگی۔ ججوں کے لیے مذہبی اور سیاسی علامات پر پابندی یکم جولائی ۲۰۰۹ سے نافذ ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ جج اور استغاثہ کے وکیل کے فرائض ایک جیسے نہیں، اس لیے یکساں پابندی کی ضرورت پر سوال اٹھتے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم میٹے فریڈرکسن نے پرائمری اور لوئر سیکنڈری اسکولوں میں حجاب پر پابندی کی دائیں بازو کی جماعتوں کی تجویز کی حمایت کی ہے اور حجاب کو "ظلم و جبر کا اظہار” قرار دیا ہے، تاہم یہ سوال بھی اٹھایا کہ مذہبی آزادی کو اہمیت دینے والے ملک میں اس پر عمل درآمد کیسے ہوگا۔ اسکولوں اور جامعات میں مجوزہ پابندی ابھی قانون نہیں بنی۔ شہری حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ خواتین کے لباس کو ان کی قابلیت یا غیر جانب داری سے جوڑنا مساوات اور شخصی آزادی کے اصولوں کے خلاف ہے۔ ۲۰۱۸ میں ڈنمارک نے عوامی مقامات پر پورے چہرے کو ڈھانپنے والے نقاب اور برقعے پر بھی پابندی لگائی تھی۔

