وزیراعظم شہباز شریف کا چین کے سرکاری دورے پر تیانجن پہنچنے پر شاندار استقبال

FB IMG 1756557284227



تیانجن: وزیراعظم محمد شہباز شریف ہفتہ کے روز چین کے سرکاری دورے پر تیانجن پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ تیانجن ایئرپورٹ پر اعلیٰ چینی حکام، پاکستان کے سفیر اور قونصلیٹ کے عملے نے وزیراعظم کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم کو گلدستے پیش کیے گئے اور روایتی انداز میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اس اہم دورے کے دوران چین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں پاک چین دوستی کے نئے ابواب کھولنے، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں تعاون بڑھانے، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ دورے کے دوران زراعت، صنعت، توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں بھی مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔


وزیراعظم تیانجن میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جہاں وہ عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معاشی اصلاحات، پالیسی اقدامات اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے آگاہ کریں گے۔ ان کا خطاب پاکستان کی معیشت میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت داری کو فروغ دینے پر مرکوز ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور چین "ہر موسم کے اسٹریٹجک شراکت دار” ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ وزیراعظم کے اس دورے کو پاک چین تعلقات کے استحکام اور سی پیک کو نئی جہت دینے کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ پوسٹ