پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں نئی گرمجوشی، دینی مدارس کے درمیان تعاون پر غورپاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے، دونوں ممالک نے دینی اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر غور شروع کر دیا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق حالیہ سفارتی رابطوں میں یہ تجویز سامنے آئی کہ دینی مدارس کے درمیان وفود کا تبادلہ کیا جائے اور نصاب، تحقیق اور تعلیمی معیار کے حوالے سے تعاون بڑھایا جائے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے تعلقات میں اعتماد سازی اور مذہبی و تعلیمی ہم آہنگی کے فروغ کا باعث بن سکتا ہے۔ اس پیش رفت کو مستقبل میں وسیع تر تعلیمی اور ثقافتی تعاون کے دروازے کھلنے کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں سردمہری پائی جاتی تھی، تاہم حالیہ رابطوں سے واضح اشارے مل رہے ہیں کہ دونوں ممالک پرانے اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر نئے سفر کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔
