ترک وزیر دفاع یاشار گلر کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، پاک ترک تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

FB IMG 1757480764514



اسلام آباد (نمائندہ خصوصی فائزہ یونس) ترکی کے وزیر قومی دفاع یاشار گلر نے آج اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے ترک وزیر دفاع کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں ترکی کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیتا رہے گا۔
وزیراعظم نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں سے دوطرفہ تجارت کو 5 ارب ڈالر کے ہدف تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو اجاگر کرتے ہوئے ترک کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کے لیے اپنے مضبوط اور دیرینہ تعاون کے عزم کو دہرایا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاک ترک اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے گی۔

متعلقہ پوسٹ