آئی سی سی نے اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ مسترد کر دیا، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

FB IMG 1757880835593 1



نئی دہلی: بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے موقف اختیار کیا تھا کہ اینڈی پائی کرافٹ کی جانب سے بھارت کے خلاف میچوں میں امپائرنگ اور فیصلوں پر متنازع رویہ اختیار کیا گیا جس سے پاکستان ٹیم کو نقصان پہنچا۔ اسی بنیاد پر پی سی بی نے ایشیا کپ کے بقیہ میچوں کے لیے ان کی تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی نے یہ مطالبہ قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میچ ریفری اور امپائرز کی نامزدگی ایک شفاف طریقہ کار کے تحت ہوتی ہے اور کسی ایک بورڈ کے دباؤ میں آ کر ان کی تبدیلی ممکن نہیں۔ آئی سی سی کے ذرائع کے مطابق اگر کسی فیصلے پر اعتراض ہے تو اس کے لیے علیحدہ اپیل کا نظام موجود ہے لیکن پورے ٹورنامنٹ سے کسی آفیشل کو ہٹانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف حالیہ میچ کے دوران کئی فیصلوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ شائقین اور ماہرین کرکٹ نے بھی میچ ریفری کے کردار پر سوالات اٹھائے تھے۔
ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

متعلقہ پوسٹ