نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں آسٹریا کے فیڈرل چانسلر کرسچن اسٹاکر اور کویت کے ولی عہد عزت مآب شیخ صباح الخالد الحمد المبارک سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے آسٹریا کے چانسلر سے ملاقات میں جرمن زبان میں گفتگو کی اور 1980 کی دہائی میں اپنے دورۂ آسٹریا کی یادیں تازہ کیں۔ دونوں رہنماؤں نے تعلیم، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
کویت کے ولی عہد کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم نے عربی زبان میں بات چیت کرتے ہوئے پاکستان اور کویت کی دیرینہ دوستی و شراکت داری کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات صرف حکومتی سطح پر نہیں بلکہ عوامی سطح پر بھی گہرے ہیں اور انہیں "دائمی و لازوال” قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں تعاون بڑھانے اور مشترکہ اقتصادی منصوبوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں توانائی، سرمایہ کاری اور افرادی قوت کے شعبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔