وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو (Future Investment Initiative – FII) کے نویں ایڈیشن میں شرکت کریں گے۔
یہ عالمی سطح کا سرمایہ کاری فورم “نیویگیٹنگ نیو فرنٹیئرز” کے عنوان سے منعقد ہو رہا ہے، جس میں دنیا بھر کے سربراہانِ مملکت، سرمایہ کار، معاشی ماہرین اور عالمی کمپنیوں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔
وزیرِاعظم اپنے دورے کے دوران سعودی قیادت، بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، توانائی، آئی ٹی، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق، وزیرِاعظم کا یہ دورہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور معیشت کے استحکام کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
یاد رہے کہ "فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو” سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) کے تحت منعقد ہونے والا ایک عالمی فورم ہے، جسے مشرقِ وسطیٰ کا "ڈیوس” بھی کہا جاتا ہے۔

