سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کا مقصد ایٹمی ہتھیار استعمال کرنا نہیں بلکہ ان کی استعداد اور کارکردگی کو برقرار رکھنا ہے۔
ایک تقریب سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں کی موجودگی کسی جنگ کے لیے نہیں بلکہ عالمی امن کے تحفظ کے لیے ہے۔ تاہم، ان کے مطابق امریکا کو وقتاً فوقتاً اپنے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کے ذریعے ان کی صلاحیت اور مؤثریت کا جائزہ لینا پڑتا ہے تاکہ ملک کی دفاعی صلاحیت مضبوط رہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ “ہم ایٹمی جنگ نہیں چاہتے، لیکن ہمیں اپنی طاقت دکھانی ہوگی تاکہ دشمن حملے کا سوچ بھی نہ سکے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا دنیا کو یہ باور کرانا چاہتا ہے کہ اس کے پاس جدید ترین اور فعال دفاعی نظام موجود ہے۔
ماہرین کے مطابق، ٹرمپ کے اس بیان سے بین الاقوامی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے، کیونکہ اس سے جوہری ہتھیاروں کی دوڑ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ اقوامِ متحدہ سمیت کئی عالمی اداروں نے حالیہ برسوں میں تمام ممالک سے جوہری ہتھیاروں کے تجربات اور پھیلاؤ پر پابندی کی اپیل کی ہے۔

