وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کا خدشہ اب بھی برقرار ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پراکسی وار کبھی ختم نہیں ہوئی، یہ دہائیوں سے جاری ہے اور جدید جنگی حکمتِ عملیوں کا ایک اہم حصہ بن چکی ہے۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ پراکسی وار میں حالیہ عرصے میں شدت دیکھنے میں آئی ہے، اس کی بنیاد 80 کی دہائی میں پڑی جب لاہور اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں دھماکے ہوئے۔
وزیرِ دفاع کے مطابق مئی کی جنگ کے فوراً بعد ایک اور بڑی جنگ کے امکانات موجود تھے اور آج بھی بھارت کے ساتھ جنگ کا خطرہ مکمل طور پر ٹلا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال حساس ہے اور دفاعی ادارے ہر لحظہ تیار ہیں۔

