ملتان،پاکستان،15ستمبر،:2025 پاکستان کے ہوم اپلائنسز میں معروف برانڈ اور آرچِلک کے ذیلی ادارے، ڈاؤلینس نے آج ملتان میں خواتین کے زیر قیادت سروس سینٹرپر آسٹریلوی ہائی کمشنر کا استقبال کیا۔
یہ سروس سینٹر،خواتین کی زیر قیادت پاکستان کی پہلی فرنچائز کے طور پر اس لیے تاریخی اہمیت کا حامل ہے کہ اسے دو متاثر کن کاروباری شخصیات، محترمہ رمشا یعقوب اور محترمہ علیزہ رخسانہ کامیابی کے ساتھ چلا رہی ہیں۔ یہ اقدام خواتین کو بااختیار بنانے اور تکنیکی اور روایتی طور پر مردوں کے غلبے والے شعبوں میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ڈاؤلینس کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
خواتین کو اپنے سروس آپریشنز میں پیش پیش رکھ کر ڈاؤلینس پورے پاکستان میں انٹرپرینیورشپ اور تکنیکی خدمات میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی مثال قائم کر رہا ہے۔ یہ فرنچائز ماڈل نہ صرف خواتین کو کاروباری رہنما کے طور پر بااختیار بناتا ہے بلکہ دیگر نوجوان خواتین کو بھی روایتی طور پر مردوں کے غلبے والے کرداروں میں قدم رکھنے کی ترغیب دیتا ہے ، جس سے شمولیت اور ترقی کی ثقافت کو فروغ ملتا ہے۔
سینٹر کے دورے کے دوران، ہائی کمشنر نیل ہاکنز کو مختلف سرگرمیوں، صارفین پر مرکوز حکمتِ عملی، اور اِس بات سے آگاہ کیا گیا کہ ڈاؤلینس کس طرح خواتین کو سروس اور تکنیکی صنعت میں قیادت کے لیے تیار کر رہا ہے۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر نے پاکستان کے کاروباری منظرنامے میں شمولیت، جدت اور پائیداری کو فروغ دینے میں ڈاؤلینس کے کردار کو سراہااور اس بات کا اعتراف کیا کہ اس طرح کے اقدامات پاکستان میں مضبوط سماجی و اقتصادی ترقی اور صنفی شمولیت کی راہ ہموار کرتے ہیں۔
اس موقع پر ڈاؤلینس کے ڈائریکٹرایچ آر نے کہا:”ہمیں پاکستان میں خواتین کی قیادت میں قائم پہلےسروس فرنچائز کے آغاز پر بے حد فخر ہے۔ یہ سنگِ میل صرف ملتان میں صارفین کو عالمی معیار کی بعد از فروخت خدمات فراہم کرنے تک محدود نہیں ہے، بلکہ اُن شعبوں میں بھی خواتین کو قیادت کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے جہاں اُن کی نمائندگی کم ہے۔ ڈاؤلینس خواتین کو بااختیار بنانے، مقامی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ایک زیادہ جامع مستقبل کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔”
ایسے اقدامات کے ذریعے، ڈاؤلینس نہ صرف خواتین کو بااختیار بنانے اور افرادی قوت میں صنفی تنوع کو فروغ دینے کے اپنے عزم کی تجدید کر رہا ہے، بلکہ پاکستان بھر میں اپنے صارفین کو قابلِ اعتماد بعد از فروخت سروس فراہم کرنے کا سلسلہ بھی کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔