ٹانک اور لکی مروت میں کارروائیاں، نو عسکریت پسند مارے گئے: فوج

390507 1152937089


پاکستانی فوج نے ہفتے کو کہا ہے کہ جمعے کو خیبر پختونخوا میں ہونے والی دو الگ الگ جھڑپوں میں انڈین حمایت یافتہ نو عسکریت پسندوں کو مار دیا گیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے بیان میں کہا کہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فورسز نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات عسکریت پسند جان سے گئے۔

مزید کہا گیا کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک اور آپریشن ضلع لکی مروت میں کیا گیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید دو عسکریت پسند مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انڈین حمایت یافتہ عسکریت پسندوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، ’جو سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بےگناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مزید کہا گیا کہ علاقے میں کسی بھی دیگر انڈین حمایت یافتہ عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔’سکیورٹی فورسز اور پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے جاری ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف بےلگام مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی اور ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹانک اور لکی مروت میں عسکریت پسندوں کے خلاف موثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ’مسلح افواج کی کامیابیاں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے اس عزم کے لیے انتہائی ضروری ہیں جس کے تحت نظم و ضبط کا قیام اور پاکستانیوں کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنا مقصود ہے۔‘

وزیراعظم ہاؤس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’حکومت اور عوام اس عزم میں یکسو ہیں کہ پاکستانی عوام، سرزمین اور ریاست کو نشانہ بنانے والی ہر قسم کی دہشت گردی کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جائے گا۔‘





Source link

متعلقہ پوسٹ