کوئٹہ :(وائس آف جرمنی نمائندہ خصوصی)
مجلس فکر و دانش کے زیراہتمام الحمد اسلامک یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور چیئرمین الحمد گروپ پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد روشن کے اعزاز میں گذشتہ دنوں تقریب پذیرائی کا انعقاد کیا گیا، جس میں انہیں گورنر پنجاب کی جانب سے ایکسلینس ایجوکیشنل ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی گئی۔
تقریب میں ممتاز ماہرین تعلیم، سماجی رہنماؤں اور مختلف مکاتب فکر کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرتی و سماجی ترقی کے لئے تخلیقی صلاحیتوں کا فروغ، اداروں کی تعمیر نو اور تحقیقی و ادبی سوسائٹیز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سابق گورنر ظہور احمد آغا، مولانا عبد الحق ہاشمی، ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی، پروفیسر ڈاکٹر لعل خان کاکڑ، ملک سلیم انور کاسی، افضل مراد، انجینئر جمیل احمد کرد، اور دیگر شخصیات نے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر شکیل احمد روشن کو ان کی علمی و سماجی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو تحقیق و مکالمے کی طرف راغب کرنا، سائنسی و سماجی علوم کے درمیان توازن قائم کرنا اور عملی معاشرتی تربیت فراہم کرنا ہی حقیقی ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کے لئے صرف سائنس و ٹیکنالوجی ہی نہیں بلکہ سوشیالوجی، فلسفہ اور ادبی اقدار کو بھی فروغ دینا ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں اور شرکاء کے اعزاز میں عصرانہ دیا گیا۔
