خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیاد پر کی جانے والی کارروائی میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) پیر کی رات اس اطلاع پر کیا گیا کہ بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج کے دہشت گرد علاقے میں موجود ہیں اور کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیا اور فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 22 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
بیان کے مطابق اس کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، بارودی مواد اور مواصلاتی آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔
فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو ختم کیا جا سکے۔

