لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں رائے ونڈ روڈ پر واقع ایک نجی یونیورسٹی کی 21 سالہ طالبہ نے چھت سے نیچے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔ پولیس کے مطابق متاثرہ طالبہ ڈی فارم کی طالبہ ہے اور اس کا تعلق نارنگ منڈی، ضلع شیخوپورہ سے ہے۔
واقعے کے فوراً بعد طالبہ کو تشویشناک حالت میں یونیورسٹی کے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔ طالبہ کے چھت سے کودنے کے واقعے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے احتیاطی طور پر تعلیمی سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے ادارہ بند کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ نے یونیورسٹی کی عمارت کی دوسری منزل سے چھلانگ لگائی، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ اہلِ خانہ کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اسی یونیورسٹی کے ایک طالبعلم نے چوتھی منزل سے چھلانگ لگا کر جان دے دی تھی۔ دو ہفتوں کے دوران اسی تعلیمی ادارے میں چھت سے نیچے کودنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے، جس نے سیکیورٹی اور طلبہ کی ذہنی صحت سے متعلق سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں

