اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی چین کے دورے کے پہلے مرحلے میں شنگھائی پہنچ گئے۔ ان کے ہمراہ وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا بھی موجود ہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شنگھائی کے سپشل پولیس فورس بیورو کا دورہ کیا، جہاں چیف آف کمانڈنگ سنٹرسٹر ژیاو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران محسن نقوی کو سپشل پولیس فورس کے عملی اور انتظامی امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
محسن نقوی نے فورس کے زیر استعمال اے پی سی، بم ڈسپوزل یونٹ کے آلات، جدید اسلحہ، جدید ترین واٹر کینن اور دیگر حفاظتی آلات کا معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے سپشل فورس کی پیشہ وارانہ مہارت اور تربیت کے عملی مظاہرے بھی دیکھے اور مارشل آرٹ کا مظاہرہ بھی دیکھا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے شنگھائی سپشل پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے نظام کو سراہا اور کہا کہ شنگھائی سپشل پولیس فورس اور اسلام آباد پولیس فورس کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے فورس کی اعلی معیار کی تربیت کی بھی تعریف کی۔

