اسلام آباد() — مبینہ طور پر غلط طبی پروسیجر کے نتیجے میں ڈڈھیال کی رہائشی خاتون کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر لواحقین نے اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی (IHRA) میں باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے، جس میں واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریضہ کو علاج کی غرض سےپمزہسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی اصولوں کے برعکس پروسیجر کیا گیا، جس کے بعد مریضہ کی حالت بگڑتی چلی گئی اور وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ لواحقین کے مطابق علاج کے دوران نہ تو مکمل طبی معائنہ کیا گیا اور نہ ہی ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا گیا۔
مریضہ کے اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ طبی غفلت اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ان کی عزیزہ کی موت کا سبب بنا، جبکہ واقعے کے بعد متعلقہ طبی عملہ تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا۔ لواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ڈاکٹرز اور طبی ادارے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔
اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے حکام کے مطابق درخواست موصول ہو چکی ہے اور معاملے کی ابتدائی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حقائق سامنے آنے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور اگر غفلت ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نجی طبی مراکز کی نگرانی اور احتسابی نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

