پاکستان: فلاحی تنظیم پناہ نے بچوں کے دل کے مفت آپریشنز کے لیے دائرہ کار بڑھا دیا

IMG 20260121 WA1757 scaled


اسلام آباد/راولپنڈی:بیورو رپورٹ
پاکستان میں دل کی بیماریوں میں تیزی سے اضافے کے تناظر میں فلاحی تنظیم پناہ (PANAH) نے مستحق بچوں کے دل کے آپریشنز کے لیے اپنے طبی تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دے دی ہے۔ تنظیم نے اس سلسلے میں راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (RIC) کے ساتھ باضابطہ شراکت داری قائم کر لی ہے۔
پناہ کے سیکریٹری جنرل چوہدری ثناء اللہ گھمن نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر قربان حسین خان کے ہمراہ پہلی مریضہ کو دل کے آپریشن کے لیے ہسپتال میں داخل کروایا، جس کے ساتھ ہی عملی تعاون کا آغاز ہو گیا۔
پناہ اور RIC کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر بھی دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت اب مستحق بچوں کے دل کے آپریشنز آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (AFIC) اور PNS شفاء کے علاوہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بھی انجام دیے جائیں گے۔
اس موقع پر ڈاکٹر قربان حسین خان نے کہا کہ RIC غریب اور نادار بچوں کو معیاری علاج کی فراہمی کے لیے پناہ کے ساتھ قریبی تعاون کرے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ہر سال تقریباً 2 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد دل کی بیماریوں کے باعث جان کی بازی ہار جاتے ہیں، جبکہ جدید کارڈیک علاج کے اخراجات عام شہریوں کی مالی استطاعت سے کہیں زیادہ ہیں۔
پناہ کے سیکریٹری جنرل ثناء اللہ گھمن کا کہنا تھا کہ تنظیم کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی بچہ صرف مالی مشکلات یا علاج کی عدم دستیابی کے باعث زندگی سے محروم نہ ہو۔ انہوں نے RIC کی انتظامیہ اور طبی عملے کے تعاون کو سراہا۔

متعلقہ پوسٹ