اسلام آباد (عباس احمد ):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کے ذریعے فتنہ الہندوستان کے 12 دہشتگرد حملوں کو ناکام بنانے اور 37 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 10 بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کی قربانی دینے والے جوان پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔سردار ایاز صادق نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس کٹھن گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کی بیخ کنی کے لیے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کو قابلِ ستائش قرار دیا۔آخر میں اسپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔


