اسلام آباد بیورو رپورٹ (ؤائس آف جرمنی ) قازقستان کے صدر کاسیم-جومارت توکایووف (Kassym-Jomart Tokayev) اپنے پہلے سرکاری دورے پر منگل کو دو روزہ سرکاری دورے کے لیے پاکستان پہنچ گئے۔
نور خان ایئربیس راولپنڈی پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام بھی استقبالیہ تقریب میں شریک تھے۔


طیارے سے اترنے پر صدر توکایووف نے صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور دونوں ممالک کے پرچم تھامے بچوں نے مہمان صدر کو خوش آمدید کہا۔ صدر توکایووف نے ہاتھ ہلا کر بچوں کا جواب دیا۔
استقبال کے موقع پر 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
دورے کے دوران صدر توکایووف صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ وہ پاکستان-قازقستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لینے، تجارت، لاجسٹکس، علاقائی رابطہ کاری، عوامی روابط اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان اقتصادی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور وسطی ایشیا کے ساتھ پاکستان کے روابط بڑھانے میں سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔

