وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شب برات 15 شعبان 1447 پر پیغام

images 8 7


اسلام آباد (3 فروری 2026) — وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شب برات کے بابرکت موقع پر قوم اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے سرکاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا:
"پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو شب برات کے بابرکت اور روح پرور موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
پندرہویں شعبان المعظم کی یہ مقدس رات اللہ بزرگ و برتر کے حضور اپنے اعمال پر نظر ثانی اور دانستہ نادانستہ کوتاہیوں پر استغفار اور تزکیہ نفس کا موقع فراہم کرتی ہے۔
یہ مبارک شب مسلمانوں کو اللہ کے فضل و کرم، رحمت، برکات اور بخشش کا طلبگار ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
اللہ تعالیٰ اس مبارک شب کی روحانی قدر و منزلت سے مسلمانوں کو مستفید ہونے کی سعادت عطا فرمائے۔
بے شک یہ عظیم اور مقدس رات اللہ تبارک و تعالیٰ کی خصوصی عنایت ہے اور مسلمانوں کے ایمان اور اللہ کی اطاعت جیسی مذہبی اقدار کو تروتازہ کرتی ہے۔
شب برات اعمال انسانی کا خلوص نیت سے محاسبہ کرنے کے ساتھ ساتھ دلی توبہ اور ہدایت ایزدی کا طالب ہونے کا نام ہے۔
بے شک یہ شب باعث ترغیب ہے کہ اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کی اصلاح کرتے ہوئے نیکی اور تقویٰ کو مشعل راہ بنایا جائے۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو اعمال کی درستگی کی راہ پر چلتے ہوئے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی سعادت عطا فرمائے۔ تاکہ ہم سماجی سطح پر نیکی، رحم دلی، عدل و انصاف اور دیگر مثبت اقدار کو رائج کر سکیں۔
اس موقع پر میں قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس مبارک شب انفرادی تزکیہ کے ساتھ بحیثیت قوم بھی اپنے فرائض کا تزکیہ کریں۔
شب برات کی ان بابرکت ساعتوں میں ہم دست بدعا ہیں کہ اللہ تعالیٰ ملک عزیز کو امن و استحکام، یکجہتی، باہمی اتحاد اور ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنائے اور ملکی استحکام اور ترقی اور خوشحالی کے لیے تعمیری کردار ادا کریں۔
آمین!”
Prime Minister’s Office

متعلقہ پوسٹ