لنڈی کوتل/پشاور، 7 فروری 2026 — وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کا مختصر دورہ کیا اور وادی تیراہ میں حالیہ آپریشن کے دوران شہید ہونے والے کیپٹن عباس خان کے اہلِ خانہ سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ کنڈوخیل میں شہید کیپٹن عباس خان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے شہید کے والد، بھائیوں اور دیگر اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ عمران تاج اور ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد اقبال بھی موجود تھے۔
محسن نقوی نے شہید کے اہلِ خانہ کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا، ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور کہا:
"کیپٹن عباس خان کی قربانی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ وطن کے دفاع میں جان نثار کرنے والے شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔”
انہوں نے شہید کے خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن سرکاری تعاون اور سہولت کی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ کیپٹن عباس خان تین روز قبل وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران کاپٹر ڈرون سے فائر کیے گئے گولے کے دھماکے سے شہید ہوئے تھے۔ یہ واقعہ پاک فوج کے جاری آپریشن کے دوران پیش آیا تھا۔

