ایک دن کی کمشنر فیصل آباد، فضائی آلودگی ختم کرنے کی خواہش مند

400097 1608313121


فیصل آباد کی تحصیل سمندری سے تعلق رکھنے والی فرسٹ ایئر کی طالبہ رامین فاطمہ کو 20 نومبر کو ایک دن کے لیے اعزازی کمشنر فیصل آباد ڈویژن بنایا گیا۔

اپنی ’ڈیوٹی‘ کے سن انہوں نے شہر کے مختلف سرکاری اداروں کا دورہ کیا اور فضائی آلودگی کو فیصل آباد کا بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

دن کے آغاز پر رامین فاطمہ اپنے والدین کے ہمراہ سرکاری گاڑی میں اپنی مادر علمی ڈویژنل پبلک سکول سمندری کیمپس پہنچیں، جہاں اساتذہ اور طالبات سے ملاقات کے بعد انہیں اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔

بعدازاں وہ کمشنر آفس پہنچیں جہاں کمشنر عمران حامد شیخ، ریجنل پولیس آفیسر انعام الرحمٰن اور ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق سمیت دیگر سرکاری افسران نے ان کا استقبال کیا۔ انہیں سکاؤٹس کے دستے نے سلامی پیش کی، جس کے بعد انہوں نے کمشنر کمپلیکس میں پودا لگایا۔

ایک دن کی کمشنر نے ہارٹیکلچر ایجنسی کے دفتر کا دورہ کرکے شہر کے پارکس اور گرین بیلٹس کی تزئین و بحالی پر بریفنگ لی۔ انہوں نے باغ جناح میں پاکستان کے پہلے ٹری ٹرانسپلانٹیشن آرچرڈ کا بھی دورہ کیا اور میٹرو بس پراجیکٹ کے روٹس کی زد میں آنے والے درختوں کی منتقلی کے اقدام کو سراہا۔

اس کے علاوہ انہوں نے لائل پور میوزیم، کچہری بازار، پولیس خدمت مرکز، سیف سٹی کنٹرول سینٹر اور میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کا دورہ کیا۔ میونسپل کارپوریشن میں انہوں نے انفورسمنٹ سٹاف میں ای بائیکس کی چابیاں بھی تقسیم کیں۔

رامین فاطمہ کا انتخاب کیسے ہوا؟

کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے مطابق اعزازی کمشنر کے انتخاب کے لیے میٹرک کے طلبہ کے درمیان مقابلہ منعقد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ میں تعلیم کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں اچھی کارکردگی دکھانے کا جذبہ پیدا کرنا تھا۔

اس مقابلے کے لیے مجموعی طور پر 232 طلبا و طالبات نے درخواستیں جمع کروائیں۔

 کمشنر کے مطابق امیدواروں کے تعلیمی نتائج، حاضری، ہم نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کے مقابلوں میں حاصل کردہ انعامات کی بنیاد پر ان کی جانچ کی گئی، جس کے بعد تحریری امتحان، آئی کیو ٹیسٹ اور انٹرویو کے مراحل طے کیے گئے۔

ڈاکٹر عمران حامد شیخ کا کہنا تھا: ’اس مقابلے میں فیصل آباد ڈویژن کے وہ بچے شامل تھے، جن کے میٹرک میں 95 فیصد سے زائد نمبر تھے یا او لیول میں اے گریڈ اور اے گریڈ سٹارز تھے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’ہر کسی کو نمبر دے کر آخر میں 231 بچے اس سارے عمل سے ہوتے ہوئے شارٹ لسٹ ہوئے، اس کے بعد ایک آئی کیو ٹیسٹ ہوا، جس کے بعد انٹرویو کا مرحلہ تھا اور پھر اس سارے پراسس سے گزر کر میرٹ کی بنیاد پر ہماری سمندری کی بیٹی رامین فاطمہ نے وہ مقابلہ جیتا اور آج وہ بطور ایک دن کی کمشنر فیصل آباد ڈویژن اپنی ذمہ داریاں سنبھال رہی ہیں۔‘

فضائی آلودگی رامین فاطمہ کی ترجیح

رامین فاطمہ نے میٹرک کے سالانہ امتحان 2026 میں 1190 نمبر حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی تھی اور وہ اس وقت فرسٹ ایئر کی طالبہ ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’میرا خواب ہے کہ میں کمشنر بنوں اور اگر میں حقیقت میں کمشنر بن گئی تو میرے نزدیک فیصل آباد کا سب سے بڑا مسئلہ فضائی آلودگی ہے، جس کی روک تھام کے لیے خاصے اقدامات کیے گئے ہیں لیکن انہیں مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، اس لیے انشااللہ میں اس پر خاص توجہ دوں گی۔‘

ایک دن کی اعزازی کمشنر بننے کے تجربے کے بارے میں ان کا کہنا تھا: ’کمشنر صاحب سے مل کر میں کافی متاثر ہوئی اور اس کے علاوہ یہاں سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا جو میرے مستقبل میں مددگار ثابت ہو گا۔‘

رامین فاطمہ کے والد اصغر علی ایڈووکیٹ نے مقابلے کے انتخابی طریقہ کار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عام طور پر یہ سوچ پائی جاتی ہے کہ کوئی کام سفارش یا رشوت کے بغیر نہیں ہوتا، لیکن اس مقابلے میں میرٹ کی بنیاد پر اختیار کیا گیا طریقہ قابلِ تعریف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے صحت مند مقابلے بچوں کو موبائل سے دور کرکے تعلیم اور کتابوں کی طرف راغب کرنے کے لیے ضروری ہیں۔

رامین فاطمہ کی والدہ شازیہ کنول نے بتایا کہ انہوں نے کمشنر فیصل آباد کے فیس بک پیج پر مقابلے کا اشتہار دیکھنے کے بعد اپنی بیٹی کو اس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔

ان کے مطابق وہ اپنے بچوں کی تعلیم کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں شرکت کی بھی حوصلہ افزائی کرتی ہیں اور پاکستان سے متعلق معلومات ان کے ساتھ شیئر کرتی رہی ہیں۔





Source link

متعلقہ پوسٹ