گداگری اب پاکستان میں سب سے بڑا "روزگار” بن چکی ہے: خواجہ آصف

IMG 20260209 WA1762


اسلام آباد (9 فروری 2026) — وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف نے ایک انٹرویو کے دوران سخت الفاظ میں کہا ہے کہ گداگری کا پیشہ ملک میں سب سے زیادہ روزگار فراہم کرنے والا شعبہ بن چکا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ اب گداگری کو منظم انداز میں چلایا جا رہا ہے اور اس کے لیے باقاعدہ ٹھیکیدار موجود ہیں جو بچوں، عورتوں اور جعلی معذور افراد کو بھرتی کر کے کروڑوں روپے ماہانہ کما رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا:
"بھیک منگوانے کے لیے ٹھیکیدار مافیا موجود ہے۔ یہ لوگ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو بیرون ملک بھیج رہے ہیں۔ خلیجی ممالک نے اس صورتحال سے تنگ آ کر پاکستانیوں کے ویزوں پر پابندی لگا دی ہے یا سختی کر دی ہے۔”
ان کا کہنا تھا کہ یہ مافیا نہ صرف ملک کے اندر گداگری کا نیٹ ورک چلا رہا ہے بلکہ اسے بین الاقوامی سطح پر بھی فروغ دے رہا ہے، جس سے پاکستان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
وزیر دفاع نے اسے ایک سنگین سماجی اور معاشی مسئلہ قرار دیتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس منظم گداگری کے نیٹ ورک کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اس مافیا کو ختم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی بنائی جائے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب حالیہ دنوں میں بیرون ملک پاکستانیوں کے ویزا مسترد ہونے اور بعض خلیجی ممالک میں داخلے پر پابندیوں کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

متعلقہ پوسٹ