کراچی / اسلام آباد —
پاکستان کے قومی برقی ریگولیٹری ادارے (نیپرا) نے ملک بھر میں بجلی کی قیمت میں 1 روپے 78 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جنوری 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت یہ درخواست نیپرا کو ارسال کی تھی۔ سماعت کے دوران نیپرا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوری میں فی یونٹ فیول لاگت کا اصل تخمینہ 10 روپے 39 پیسے تھا، تاہم حقیقی لاگت 12 روپے 17 پیسے فی یونٹ رہی، جس کے باعث 1 روپے 78 پیسے کا فرق سامنے آیا۔
حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق نیپرا کا جو بھی فیصلہ ہو گا اس کا اطلاق کے الیکٹرک کے کراچی کے صارفین پر بھی ہو گا۔
واضح رہے کہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ ایک باقاعدہ میکانزم ہے جس کے تحت بجلی پیدا کرنے کی اصل لاگت اور پہلے سے طے شدہ تخمینے کے درمیان فرق کو صارفین کے بلوں کے ذریعے ایڈجسٹ کیا جاتا ہے۔

