پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان نے آپریشن غضب للحق شروع کردیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے افغان طالبان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے اور خوارج بھاگ کھڑے ہوئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں افغان طالبان کی 2 چوکیاں تباہ کر دیں، افغان طالبان رجیم کے 30 اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے پاک افغان سرحد کے مختلف مقامات پر فائرنگ کی، پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جواب میں ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر میں بھرپور جواب دیا، چترال سیکٹر پر افغان طالبان کی چیک پوسٹ کو پاکستانی سکیورٹی فورسز نےنشانہ بنا کر تباہ کردیا۔
پاک افغان سرحد پر مہمند میں گرسال سیکٹر میں پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے، پاکستانی سکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی چیک پوسٹیں تباہ کردیں، مزید 3 طالبان ہلاک کردیے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں افغان طالبان کی 2 چوکیاں تباہ کر دیں، افغان طالبان رجیم کے 30 اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے پاکستانی سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی ناکام کوشش کی، پاکستانی سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے تمام کواڈ کاپٹرز گرا دیے گئے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ذریعے گولہ باری جاری ہے، ڈرونز کے ذریعے بھی چن چن کر افغان طالبان رجیم کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے اور فیک ویڈیوز کی بھرمار ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز سرحد کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کےخلاف سخت اور فوری جواب دینے کے لیے مکمل طورپر تیار ہیں۔
افغان طالبان نے غلط اندازہ لگایا، وزارت اطلاعات پاکستان
اس سے قبل وزارت اطلاعات کا کہنا تھاکہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاک افغان سرحد پر بلااشتعال کارروائی کی گئی ہے جس کا سکیورٹی فورسز نے بھرپور اور فوری جواب دیا ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں وزارت اطلاعات کا کہنا تھا کہ افغان طالبان نے غلط اندازہ لگاتے ہوئے خیبر پختونخوا میں پاک افغان سرحد کے متعدد مقامات پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے فوری اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔
Afghan Taliban regime unprovoked action along the Pakistan–Afghanistan border given an immediate, and effective response.
Afghan Taliban miscalculated and opened unprovoked fire on multiple locations across Pakistan Afghanistan border in KP which is being met with immediate, and…
— Ministry of Information & Broadcasting (@MoIB_Official) February 26, 2026
وزارت اطلاعات کے مطابق چترال، خیبر، مہمند، کرم اور باجوڑ کے سیکٹرز میں افغان طالبان فورسز کو سخت جواب دیتے ہوئے بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔
افغانستان کو ہر صورت ایک پرامن ہمسایہ بننا ہوگا: طلال چوہدری
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاک افغان سرحد پر کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ کسی کو پاکستان کا امن چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے، ہماری کوشش رہی ہے کہ معاملات بات چیت کے ذریعے حل کیےجائیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اپنے عوام کے امن کے لیے کسی بھی حد تک جائےگا، افغانستان کو ہر صورت ایک پرامن ہمسایہ بننا ہوگا، چین سے لےکر امریکا تک پوری دنیا کو افغانستان سے یہ شکایت ہے۔
دشمن کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے قوم متحد ہے، وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ دشمن کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے قوم متحد ہے، پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کے حوصلوں کو سلام پیش کرتے ہیں، وطنِ عزیز کی ایک ایک انچ زمین کا دفاع ہمارا قومی فریضہ ہے، سکیورٹی فورسز نے مؤثر جواب دے کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔


