امرود ایک ایسا پھل ہے جو ذائقے اور غذائیت دونوں اعتبار سے بے مثال ہے۔ چاہے اسے چاٹ بنا کر کھایا جائے یا سادہ نمک کے ساتھ، اس کی خوشبو ہی بھوک بڑھانے کے لیے کافی ہوتی ہے۔ ناشپاتی جیسی شکل رکھنے والا یہ پھل وٹامن سی، وٹامن اے، وٹامن بی، فائبر، میگنیشم اور طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے۔
روزانہ ایک امرود کھانے کے نمایاں فوائد درج ذیل ہیں:
1۔ قبض سے بچاؤ
امرود فائبر سے بھرپور ہوتا ہے۔ ایک درمیانے سائز کا امرود روزانہ درکار فائبر کا تقریباً 12 فیصد فراہم کرتا ہے۔ اس کے بیج ہلکے جلابی اثر رکھتے ہیں جو نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتے ہیں۔
2۔ مدافعتی نظام مضبوط
وٹامن سی کی زیادہ مقدار جسم کو موسمی بیماریوں سے بچانے اور انفیکشن کے دورانیے کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔
3۔ ذیابیطس میں مفید
فائبر بلڈ شوگر کو تیزی سے بڑھنے نہیں دیتا۔ مناسب مقدار میں امرود ذیابیطس کے مریضوں کے لیے محفوظ انتخاب ہو سکتا ہے۔
4۔ دل کی صحت بہتر
امرود سوڈیم اور پوٹاشیم کا توازن برقرار رکھتا ہے جس سے بلڈ پریشر کنٹرول میں رہتا ہے۔ یہ کولیسٹرول کم کرنے میں بھی مددگار ہو سکتا ہے۔
5۔ بینائی میں بہتری
وٹامن اے آنکھوں کی صحت کے لیے ضروری ہے اور عمر کے ساتھ نظر کی کمزوری کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
6۔ ذہنی سکون اور تناؤ میں کمی
میگنیشم اعصاب اور مسلز کو سکون پہنچاتا ہے، جس سے ذہنی دباؤ کم اور جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔
7۔ وزن کم کرنے میں معاون
امرود دیر تک پیٹ بھرا ہونے کا احساس دلاتا ہے اور میٹابولزم کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے، جس سے وزن کم کرنا آسان ہو سکتا ہے۔
8۔ بڑھتی عمر کے اثرات کم
اینٹی آکسیڈنٹس جلد کو جھریوں اور قبل از وقت بڑھاپے سے بچانے میں مدد دیتے ہیں۔
9۔ حاملہ خواتین کے لیے فائدہ مند
فولیٹ اور فولک ایسڈ بچے کے اعصابی نظام کی نشوونما میں مدد دیتے ہیں اور پیدائشی نقائص کے خطرے کو کم کرتے ہیں۔
10۔ دماغی افعال میں بہتری
وٹامن بی 3 اور بی 6 دماغی کارکردگی بہتر بنانے اور ڈپریشن کے خطرے کو کم کرنے میں معاون ہو سکتے ہیں۔
11۔ مسلز کو سکون
میگنیشم مسلز کی تھکن کم کرتا ہے اور جسم کو ریلیکس رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
12۔ جلد کو جوان رکھے
وٹامن اے، وٹامن سی اور کیروٹین جلد کی صحت برقرار رکھنے اور چمک بڑھانے میں مددگار ہیں۔


