آسمان سے موت برسانا بند کرو، پوپ لیو کا عالمی جنگی طاقتوں کو دو ٹوک پیغام
یہ ترقی نہیں بلکہ تنزلی ہے کہ آج بھی دنیا میں فضائی حملے جاری ہیں
دنیا بھر میں جاری جنگی کشیدگی کے دوران کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی رہنما پوپ لیو نے فضائی حملوں کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر ممنوع قرار دینے کا مطالبہ کر دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے حالیہ بیان میں پوپ لیو نے کہا کہ کسی انسان کو یہ خوف نہیں ہونا چاہیے کہ موت اور تباہی آسمان سے نازل ہوگی۔
انہوں نے فضائی بمباری کو اندھا دھند اور غیر انسانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 20ویں صدی کے تلخ تجربات کے بعد ایسے حملے ہمیشہ کے لیے ختم ہو جانے چاہیے تھے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ترقی نہیں بلکہ تنزلی ہے کہ آج بھی دنیا میں فضائی حملے جاری ہیں۔
اگرچہ پوپ لیو نے براہ راست کسی ملک کا نام نہیں لیا، تاہم ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران میں جاری جنگ چوتھے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے، جس پر وہ متعدد بار جنگ بندی کی اپیل بھی کر چکے ہیں۔
اتوار کے روز بھی پوپ لیو نے اس جنگ کو انسانیت کے لیے ایک بڑا اسکینڈل قرار دیتے ہوئے فوری سیز فائر کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ عالمی سطح پر ان کے اس بیان کو جنگی طاقتوں کے لیے ایک واضح اور سخت پیغام سمجھا جا رہا ہے۔

