فائزہ یونس:( نمائندہ خصوصی پاکستان )
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نوابزادہ خالد حسین مگسی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں توانائی کے شعبے خصوصاً جھل مگسی گیس فیلڈ منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو جھل مگسی گیس فیلڈ کی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جھل مگسی گیس فیلڈ کی قومی گیس ترسیل میں شمولیت سے توانائی کے شعبے میں نہ صرف بہتری آئے گی بلکہ درآمدی گیس پر انحصار میں بھی واضح کمی واقع ہوگی۔
نوابزادہ خالد حسین مگسی نے وزیراعظم کو منصوبے کے افتتاح کی دعوت دی جسے وزیراعظم نے قبول کر لیا۔
اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ جھل مگسی گیس فیلڈ کی قومی گیس ترسیل میں شمولیت ایک خوش آئند اور احسن قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ذخائر کے بہتر استعمال سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور معیشت کو تقویت ملے گی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ توانائی کے شعبے میں خود انحصاری کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام اور صنعت کو جلد از جلد اس کے فوائد حاصل ہو سکیں۔ انہوں نے اس منصوبے کو بلوچستان کی ترقی کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ توانائی کے منصوبے ملکی معاشی استحکام اور صنعتی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور جھل مگسی گیس فیلڈ اس حوالے سے ایک نمایاں قدم ہے۔
