اسلام آباد (نامہ نگار) — وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اہم انتظامی ردوبدل کرتے ہوئے حکومت نے چیف کمشنر محمد علی رندھاوا کو عہدے سے ہٹا دیا ہے اور ان کی جگہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے تجربہ کار افسر لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف کو نیا چیف کمشنر اسلام آباد تعینات کر دیا گیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تعیناتی وزارت داخلہ کے تحت فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔ سہیل اشرف اس سے قبل حکومت پنجاب میں بطور سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔ اس کے علاوہ وہ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد، گجرانوالہ اور منڈی بہاؤالدین کے اہم عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
نئے چیف کمشنر کو ضلعی انتظامیہ کی نگرانی اور ترقیاتی منصوبوں کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کا وسیع انتظامی تجربہ اسلام آباد میں گورننس کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

