امریکہ: سنگھ رہنما کے قتل کی سازش پر انڈین شہری کو قید

400092 847177650


جمعے کو نیویارک شہر میں مقیم سکھوں کے ایک سرکردہ علیحدگی پسند رہنما کو پیسے دے کر قتل کروانے کی سازش میں ملوث 55 سالہ شخص کو ساڑھے 19 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

انڈین شہری نکھل گپتا نے فروری میں سازش کے تین الزامات کا اعتراف کیا تھا۔ انہوں نے کرائے کے قاتل کو رقم دے کر امریکی شہری، وکیل اور (انڈین) پنجاب کی آزادی کے سرگرم حامی گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کروانے کی سازش کی۔ پنجاب انڈیا کی شمال مغربی ریاست ہے، جہاں سکھ مذہب کی بنیاد پڑی تھی۔

نکھل گپتا نے جمعے کو مین ہیٹن کی وفاقی عدالت میں کہا: ’میں مسٹر پنوں سے معافی مانگتا ہوں۔

’میں ان برادریوں سے معافی مانگتا ہوں جنہیں میں نے نقصان پہنچایا۔ میں اپنے خاندان سے بھی معافی مانگتا ہوں، جس نے ہمیشہ مجھ سے محبت کی۔ یہاں تک کہ اس وقت بھی جب میں اس محبت کے لائق نہیں تھا۔‘

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔

جج وکٹر ماریرو نے کہا کہ نکھل گپتا کو 235 ماہ کی سزا مکمل کرنے کے بعد انڈیا بھیج دیا جائے گا۔

نکھل گپتا کے خاندان نے انڈیا سے انٹرنیٹ کے ذریعے سزا سنائے جانے کی کارروائی سنی۔ نکھل گپتا نے تین سال پہلے گرفتاری کے بعد سے اپنے خاندان کو نہیں دیکھا۔

گرپتونت سنگھ پنوں نے عدالت میں اپنی طویل تقریر کے دوران نکھل گپتا کو ’محض ایک معمولی آلہ کار قرار دیا، جو انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے حکم پر کام کر رہا تھا۔‘

نریندر مودی ہندو قوم پرست ہیں اور آزادی کی اس تحریک کی مخالفت کرتے ہیں۔

گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ مودی حکومت انہیں قتل کرنا چاہتی ہے، ’کیوں کہ میں کھل کر اس مہم کی قیادت کرتا ہوں اور دھمکیوں اور ڈرانے دھمکانے کے باوجود پیچھے نہیں ہٹتا۔‘

انہوں نے کہا: ’میں اپنی ذاتی حفاظت کے لیے آپ کے سامنے کھڑا نہیں ہوں کیونکہ میری زندگی مکمل طور پر میری قوم کے لیے ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر میری قوم کے لیے آزادی حاصل کرنے کی قیمت انڈیا کی گولی کھانا ہے تو میں اس کے لیے تیار ہوں۔‘

اگست میں گرپتونت سنگھ  پنوں نے کہا تھا کہ ایف بی آئی اور رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس نے انہیں خبردار کیا تھا کہ ان کی جان کو ایک نیا اور حقیقی خطرہ لاحق ہے۔

عدالت کے باہر مظاہرین آزاد پنجاب کی نمائندگی کرنے والے زرد اور نیلے جھنڈوں کے ساتھ جمع ہوئے۔ وہ اس آزاد ریاست کا نام ’ڈیموکریٹک ری پبلک آف خالصتان‘ رکھنا چاہتے ہیں۔

مظاہرین ایک عارضی جیل نما پنجرے کے گرد مارچ کرتے رہے، جس پر مودی اور ان کے وزیر داخلہ امیت شاہ کی تصاویر لگی ہوئی تھیں۔ ان تصاویر میں دونوں کو ہتھکڑیاں پہنے اور جیل کے نارنجی لباس میں دکھایا گیا تھا۔

نکھل گپتا 2023 میں انڈیا میں تھے جب انہوں نے انٹرنیٹ کے ذریعے ایک ایسے شخص کو 15 ہزار ڈالر ادا کیے جس کے بارے میں اس کا خیال تھا کہ وہ پنوں کو قتل کر سکتا ہے۔ وہ شخص دراصل قانون نافذ کرنے والے ادارے کا خفیہ اہلکار تھا، جو کرائے کا قاتل بن کر کام کر رہا تھا۔

نکھل گپتا کو پراگ میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جون 2023 میں امریکہ کے حوالے کیے جانے کے بعد سے انہیں ضمانت کے بغیر حراست میں رکھا گیا ہے۔

اعتراف جرم کے معاہدے میں اسے کم از کم 20 سال قید کی سزا دینے کی بات کی گئی تھی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عدالتی دستاویزات کے مطابق نکھل گپتا نے ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے اس خفیہ اہلکار سے، جنہیں وہ کرائے کا قاتل سمجھ رہے تھے،کہا تھا کہ جون 2023 میں کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں سکھ عبادت گاہ کے باہر ہردیپ سنگھ نجر کا قتل انہی افراد کا کام تھا جو گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق گپتا نے اہلکار سے کہا تھا کہ نجر ’بھی ہدف تھا‘ اور ’ہمارے کئی اہداف ہیں۔‘ 

نجر کی موت کے بعد اس نے اہلکار کو پنوں کے قتل کی کارروائی آگے بڑھانے کی ہدایت دی تھی۔

نکھل گپتا کی وکیل ازابیل کرشنر نے جمعے کو عدالت میں کہا کہ نکھل گپتا کینیڈا میں ہونے والی سازش میں ملوث نہیں تھے۔ انہوں نے سرکاری اداروں کی ریکارڈنگ میں محفوظ نیپال اور پاکستان میں قتل کی کوششوں سے متعلق نکھل گپتا کی باتوں کو ’محض شیخی‘ قرار دیا۔

ازابیل کرشنر نے کہا کہ ’اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اس کارروائی کا اصل منصوبہ ساز وہ نہیں تھا۔‘

ازابیل کرشنر نے کہا کہ پنوں کے قتل کی سازش میں ملوث ہونے سے پہلے نکھل گپتا محنتی شوہر اور والد تھے جو ایک یتیم خانے اور جانوروں کی پناہ گاہ میں رضاکارانہ خدمات انجام دے رہے تھے۔

انہوں نے جج ماریرو سے کہا، ’یہاں ایک انسان بیٹھا ہے۔‘ 

انہوں نے جج سے درخواست کی کہ نکھل گپتا کو صرف ان کے کیے کی سزا دی جائے، ’انڈیا کی سرزنش کرنے کے لیے نہیں۔‘





Source link

متعلقہ پوسٹ