پیٹرول سبسڈی حاصل کرنے والوں کیلیے ایکسائز دفاتر 24 گھنٹے کھلے رہیں گے
عوامی رش کے پیش نظر اضافی کاؤنٹرز بھی قائم کیے جا رہے ہیں
حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں کے لیے پیٹرول سبسڈی کے اعلان کے بعد شہریوں کی سہولت کے لیے اہم اقدامات کر لیے گئے ہیں۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ سندھ نے رجسٹریشن اور ٹرانسفر کے عمل کو تیز اور آسان بنانے کے لیے اپنے دفاتر 24 گھنٹے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق پیٹرول سبسڈی سے فائدہ اٹھانے کے لیے موٹر سائیکل کا مالک کے نام پر رجسٹرڈ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، اسی لیے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی بائک اپنے نام پر منتقل کروائیں۔
ڈی جی ایکسائز عرفان میمن کا کہنا ہے کہ عوامی رش کے پیش نظر اضافی کاؤنٹرز بھی قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ رجسٹریشن اور ٹرانسفر کے عمل میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ شہریوں کو حکومتی ریلیف سے مستفید کرنا اور نظام کو شفاف بنانا ہے۔

